فیسکوکی نادہندگان کے خلاف ریکوری مہم جاری

71

فیصل آباد ۔ 02 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)کی نادہندگان کے خلاف ریکوری مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے اورڈیفالٹرز سے زیادہ سے زیادہ ریکوری کو یقینی بنایا جارہاہے۔ فیسکو کے ترجمان طاہر شیخ نے بتایا ہےکہ فیسکو کے تمام آپریشن سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کی زیرنگرانی ایکسینز اور ایس ڈی اوحضرات گزشتہ روز بھی سٹاف کے ہمراہ فیلڈ میں نادہندگان سے واجبات کی وصولی میں مصروف رہے۔انہوں نے بتایا کہ فیسکوریجن کے آٹھوں اضلاع میں خصوصی ریکوری ٹیمیں گھر گھر جاکر بلوں کی ادائیگی کی چیکنگ کر رہی ہیں جبکہ مستقل نادہندگان کے گھروں،فیکٹریوں اوردکانوں کوبھی چیک کیاجا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر نے فیسکو کے نادہندگان کو خبردار کیا ہے کہ اپنے ذمہ واجب الادابجلی بلوں کو جلد جمع کرائیں ورنہ واجبات کی عدم ادائیگی پر بجلی کنکشن کاٹ دیئے جائیں گے۔ انہوں نے آپریشن اور ریکوری سٹاف کو بھی ہدایت کی ہے کہ نادہندگان کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز اور مؤثربنایاجائے اور یہ بھی چیک کیاجائے کہ بجلی کاٹنے کے بعد ڈیفالٹرز نے ہمسایوں یا کسی اور ذرائع سے بجلی تو حاصل نہیں کررکھی نیزایسی صورت حال میں ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ فیسکو کے نادہندگان کے خلاف مہم روزانہ کی بنیادوں پر جاری رہے گی اور ان سے مکمل وصولیوں کویقینی بنایا جائے گا۔