فیصل آباد ۔ 29 دسمبر (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو انجینئرمحمد عامر نے کہاکہ فیسکو ریجن میں بجلی کے میٹروں کی کوئی کمی نہیں، بجلی کے تمام زیر التوا کنکشنز جنوری کے اختتام تک لگا دیئے جائیں گے۔
وہ وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایت پرفیسکو ہیڈکوارٹرز میں فیس بک پر منعقدہ ای کچہری سے خطاب کر رہے تھے جس میں فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، سرگودھا، میانوالی، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ اورخوشاب کے اضلاع کے صارفین نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آن لائن کچہریوں کے انعقاد سے فیسکو انتظامیہ کو اپنی سروسز کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔ انجینئرمحمد عامر نے کہا کہ بجلی سے متعلقہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ حکومتی ویژن کاعکاس ہے اورآن لائن کچہریوں کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جو کہ صارفین بجلی کے مسائل فوری حل کرنے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کے ہمہ قسم کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجارہا ہے۔آن لائن کچہری کے دوران چیف ایگزیکٹو نے آن لائن صارفین بجلی کے مسائل سنے اوران کی مختلف شکایات پر میٹر تبدیل کرنے،ایل ٹی پروپوزلز کی تیاری،پرانے ٹرانسفارمروں کی تبدیلی، بجلی کی تاروں کی تبدیلی و مرمت اور وولٹیج کی کمی بیشی کو دور کرنے کے احکامات صادر کئے۔
اس موقع پر چیف انجینئر آپریشن محمد رفیق، چیف انجینئر(سی ایس) میڈم صدف ناز، ڈی جی (ایچ آر) اطہر ایوب چوہدری،ایڈیشنل ڈی جی (آئی ٹی) عبدالحئی، ایڈیشنل ڈی جی (پی آر) طاہر شیخ، ڈائریکٹر کمرشل محمد سعید، ڈائریکٹر (سی ایم یو) اقبال خان نیازی، ڈائریکٹر (سی ایس) فیصل رضا مارتھ،کمپنی سیکرٹری عابد رشید اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔