فیصل آباد۔ 07 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) ریجن کے آٹھوں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر میں الیون کے وی فیڈرزپرکومبنگ آپریشن شروع کردیاگیاہے جس میں تمام آپریشن سرکلز کے ایس ایز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ فیڈروں کی کومبنگ کے دوران فیسکو ٹیمیں گھر گھر جا کرکمزور اور خستہ حال تاروں،خراب میٹرز،تاروں میں جوڑ، ٹرانسفارمرز اور دیگر تنصیبات میں ممکنہ نقائص کی نشاندہی کریں جبکہ صارفین کے بل، میٹرز،کھمبوں اورایل ٹی لائنوں کی بھی چیکنگ کی جائے اور نقائص کو فوری دورکرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
علاوہ ازیں درختوں کی کانٹ چھانٹ بھی جلد کی جائے تاکہ ایل ٹی،ایچ ٹی لائنوں کے ساتھ درختوں کے ٹکرانے سے ٹرپنگ اور فالٹ پیدانہ ہو۔فیسکو کے ترجمان نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیر احمد نے شعبہ جی ایس او اور جی ایس سی کو گرڈسٹیشنوں پرتنصیبات کی دیکھ بھال اورمینٹی نینس کے کاموں کو جلدمکمل کرنے کے علاوہ سموگ اور دھند سے برقی لائنوں کی ٹرپنگ سے بچنے کیلئے ڈسک انسولیٹر کی دھلائی کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیراحمد نے کہا کہ آئندہ موسم گرما سے قبل فیسکو سسٹم میں موجود رکاوٹوں کو دور کرکے ترسیلی نظام کو مزید بہتراورمضبوط بنایاجائے گا جس کیلئے فیسکو سٹاف اپنے مقررہ اہداف کو حاصل کرنے کیلئے مکمل طور پر پرعزم اور فیلڈ میں کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ برقی لائنوں کے سالانہ مرمتی کاموں کے ذریعے برقی سسٹم کو مزید تقویت ملے گی اور صارفین کو مزید بہتر سروسز کی فراہمی ممکن ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرڈسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن، نئے گرڈزکی تعمیراور ٹرانسمیشن لائنوں کی تعمیر و مرمتی کام تیزی سے جاری ہے۔
پرانی بیٹریوں، کنٹرول پینل اور دیگر مینٹی نینس کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ آئندہ دنوں میں سموگ اور دھند کے موسم میں گرڈز سے بلاتعطل بجلی کی فراہمی کیلئے لائنوں پر ڈسک انسولیٹر کی واشنگ جلد کی جائے۔انہوں نے شعبہ جی ایس او کوہدایت کی کہ گرڈسٹیشنوں پر نصب تمام آلات کی مینٹی نینس کا شیڈول ترتیب دے کر اس کو مکمل کریں تاکہ آلات کی ایفی شینسی میں اضافہ ہو اور صارفین کو مکمل وولٹیج کے ساتھ بجلی کی بلاتعطل روانی مہیا کی جاسکے۔
علاوہ ازیں درختوں کی کانٹ چھانٹ،کرنٹ ٹرانسفارمرز،الیون کے وی لائٹننگ اریسٹرز،بیٹری بنک،ریلے،خراب ڈسک انسولیٹرزاورجمپرزکی تبدیلی کے ساتھ ساتھ کنڈکٹرز کی مرمت اور تبدیلی،11کے وی ان کمنگ اور آؤٹ گوئنگ پینلز کی تبدیلی،ٹرانسمیشنز لائن اور ٹرانسفارمرز پر انتہائی ناگزیر خرابیوں کی نشاندہی اور ان کا بروقت تدارک کیاجائے تاکہ سسٹم پر بوجھ کم ہواور صارفین کو بھی کوالٹی سروس مہیاہو۔