فیسکو سٹاف کی جان کی حفاظت یقینی بنانا ادارہ کی ذمہ داری ہے ،سعید رضا

180
فیسکو

فیصل آباد۔ 16 نومبر (اے پی پی):ایکسین ایم اینڈ ٹی سیکنڈسرکل محمد سعید رضانے کہا کہ سیفٹی سیمینارزکے انعقاد کا مقصد فیسکو سٹاف کی جان کی حفاظت کویقینی بنانا ہے جس کے لئے فیسکو انتظامیہ وسائل بروئے کار لارہی ہے اورہرسال کروڑوں روپے خرچ کرکے بہترین کوالٹی کی ٹی اینڈ پی اور دیگر حفاظتی آلات کی خریداری کی جارہی ہے

تاکہ فیسکو میں حادثات کی شرح کو زیرو کیاجاسکے کیونکہ دوران کام سیفٹی کوڈ پر عمل درآمد کرکے ہم نہ صرف اپنی جان بچاسکتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ اپنے ساتھیوں،عوام الناس اور محکمہ کی املاک کی حفاظت کو بھی یقینی بناسکتے ہیں۔ انہوں نے سرکل میں منعقدہ سیفٹی سیمینار کے موقع پر کہا کہ چھوٹی سی غلطی یا لاپرواہی سے اپنی جان جوکھوں میں مت ڈالیں کیونکہ آپ کی زندگی پر آپ کے خاندان کا بھی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی اینڈ پی اور پی پی ای کی وافر مقدار ہر دفتر اور سٹور میں موجود ہے لہٰذا کام کے دوران تمام متعلقہ ٹی اینڈ پی کا استعمال لازمی کریں اور احتیاطی تدابیراختیار کرتے ہوئے کام کو انجام دیں۔

انہوں نے ایم اینڈٹی سٹاف کو ہدایت کی کہ نیپرا اتھارٹی کی طرف سے مقررکردہ سیفٹی قوانین کی سختی سے پابندی کریں تاکہ کسی قسم کے مہلک و غیر مہلک حادثات سے بچاجاسکے۔ایکسین محمد سعید رضا نے اس موقع پر تمام سٹاف ممبران میں سیفٹی گلوز،ہیلمٹ اور دیگرآلات بھی تقسیم کئے۔اس موقع پر ڈویژنل چیئرمین ایم اینڈٹی غلام نبی گجر،ذونل چیئرمین ایم اینڈٹی سیکنڈ سرکل میاں محمد ندیم،چیئرمین قوی محمود،سیکرٹری محمد علی اعوان،سینئر وائس چیئرمین فرخ ندیم،جوائنٹ سیکرٹری محمد امین اورایم اینڈٹی سیکنڈ سرکل کے تمام سٹاف ممبران بھی موجود تھے۔