فیسکو صارفین کے مسائل کے حل کیلئے روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہریوں کاسلسلہ جاری

125
Fesco

فیصل آباد۔ 16 اگست (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)کے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد عامر نے کہا کہ فیسکو صارفین کے مسائل کے حل کیلئے ریجن کے تمام شہروں میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہریوں کاسلسلہ جاری ہے جبکہ اس ضمن میں فرائض میں غفلت برتنے والے فیسکو افسران و ملازمین کیلئے معافی کی کوئی گنجائش نہیں لہٰذا فیسکو ریجن کے تمام آپریشنل افسران اپنا قبلہ درست کرلیں اور صارفین کے مسائل کے حل کوفوقیت دیں کیونکہ صارفین فیسکو کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کو بہترین کسٹمر سروسز کی فراہمی فیسکو کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تمام آپریشن سٹاف صارفین کی ٹیلیفون کالز کو فوری اٹینڈ کریں اوروزارت توانائی کی ہدایت پر روزانہ کی بنیاد پر دن گیارہ سے دوپہر ایک بجے تک ہونے والی کھلی کچہریوں میں صارفین کو درپیش مسائل کو نہ صرف تحمل سے سنیں بلکہ ان کے فوری ازالے کیلئے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ صارفین کے مسائل کو نظر انداز اور ان سے حسن سلوک سے پیش نہ آنیوالے افسران و سٹاف سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ فیسکو کے معزز صارفین سے ناروا سلوک کرنے اور محکمانہ فرائض میں غفلت برتنے پر چار سب ڈویژنل آفیسرزایس ڈی او ناظم آباد سب ڈویژن شعیب الرحمان، ایس ڈی او ڈجکوٹ سب ڈویژن ذیشان سرور، ایس ڈی او کاظم رضا سٹی سب ڈویژن بھکر اور ایاز خان ایس ڈی او سٹی سب ڈویژن دریاخان کو معطل کردیاگیا ہے۔دریں اثناچیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامرکے حکم پرڈائریکٹر کیریئر مینجمنٹ فیسکو محمود احمد نے ان افسران کی معطلی کا تحریری نوٹیفکیشن جاری کردیاہے۔