فیسکو نے ایک لاکھ جدید اے ایم آئی میٹرز کی خریداری کیلئے ٹینڈر جاری کر دیا

213
فیسکو نے ایک لاکھ جدید اے ایم آئی میٹرز کی خریداری کیلئے ٹینڈر جاری کر دیا

فیصل آباد۔ 02 جنوری (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی انتظامیہ اپنے صارفین کو درست اور بروقت میٹر ریڈنگ کی فراہمی کیلئے جدید ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر (اے ایم آئی) کا نفاذ عمل میں لا رہی ہے جس سے صارفین بجلی کی صحیح میٹرریڈنگ ممکن ہو گی اور اوور بلنگ کے خاتمہ کیساتھ ساتھ میٹر میں کسی بھی خرابی کا فوری پتہ چل سکے گا۔

فیسکو ترجمان انجینئرمحمد سعید رضا کے مطابق ابتدائی طور پر ایک لاکھ جدید اے ایم آئی میٹرز کی خریداری کیلئے ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے جوسٹیٹ آف دی آرٹ گلوبل سسٹم برائے موبائل کمیونی کیشن اور جی پی آرایس ٹیکنالوجی سے مزین ہونے کیساتھ ساتھ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی سے منظور شدہ ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کے بعد بجلی کی آن لائن ریڈنگ ممکن ہو گی اور ڈیفالٹر یا عدم ادائیگی کی صورت میں ان کا بجلی کنکشن منقطع کر دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ٹینڈرز بولی دہندگان اپنے فارم مقررہ تاریخ تک ڈائریکٹر (میٹیریل مینجمنٹ) فیسکو اولڈ تھرمل پلانٹ عبداللہ پور فیصل آباد کے دفتر میں جمع کر اسکتے ہیں جو اسی روز ساڑھے گیارہ بجے تک ٹینڈرز بولی دہندگان یا ان کے نمائندوں کی موجودگی میں کھولے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر ٹینڈرفارم کی قیمت 2ہزار روپے ناقابل واپسی ہو گی جبکہ کورئیر، فیکس یا ٹیلی گراف کے ذریعے موصول ہونے والی ٹینڈر دستاویزات کی درخواست پر غور نہیں کیا جائے گا۔