فیصل آباد۔ 20 فروری (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو)نے ملازمین کو محکمانہ ٹریننگ کرانے کیلئے ریجنل ٹریننگ سنٹر میں اکیڈمک بلاک اور دوسرے شہروں سے ٹریننگ میں شرکت کرنے کیلئے آنے والے اہلکاروں کیلئے ہاسٹل کی تعمیر کیلئے ٹینڈرز جاری کر دیئے ہیں۔
فیسکو کے ترجمان سعید رضا نے اے پی پی کو بتایا کہ چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئرمحمد عامر کی ہدایت پر سول ورکس ڈائریکٹوریٹ فیسکو ملازمین اورصارفین کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے اور صارفین کو درپیش مسائل کے جلد ازالے اور پرائیویٹ عمارتوں کے بھاری بھر کم کرایوں کی مد میں خرچ ہونے والے بھاری اخراجات سے بچت کیلئے نئے دفاتر تعمیر کئے جار ہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فیسکواولڈ تھرمل پاور کالونی فیسکو میں ڈائریکٹر جنرل میراڈ کے دفتر کی تعمیر جبکہ 132کے وی چک جھمرہ گرڈسٹیشن پر ایکسین اور ریونیو آفیسر کے دفاتر کی تعمیر کی جائے گی۔ علا وہ ازیں ریجنل ٹریننگ سنٹر ایم سی پی کالونی میں دس بیڈز پر مشتمل ہاسٹل،دو ہال اور چار کلاس رومز پر مشتمل اکیڈمک بلاک کی تعمیر کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ان دفاتر اور اکیڈمک بلاک کی تعمیر کیلئے ٹینڈرز جاری کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹینڈرز26فروری کو ایکسین سول ورکس ڈویژن نمبر1 فیسکو فیصل آباد کے دفتر میں کھولے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ فیسکو ان منصوبوں کی بروقت تکمیل پر خطیر رقم خرچ کررہی ہے تاکہ صارفین کو ان کے گھروں کے قریب فیسکو دفاتر کی سہولت میسر ہوسکے اوران کی شکایات کا بروقت ازالہ ہو۔