فیسکو کا بجلی چوروں کےخلاف کریک ڈاؤن ،24گھنٹوں میں مزید41بجلی چور پکڑے گئے،30 لاکھ جرمانہ

108
بجلی چوروں

فیصل آباد ۔ 26 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن بھرپور طریقے سے جاری ہے جبکہ گزشتہ24 گھنٹوں میں فیسکوریجن کے چھ آپریشن سرکلز میں فیسکو ٹیموں نے دوران چیکنگ مزید41بجلی چور وں کو پکڑلیا گیاجو ڈائریکٹ سپلائی اور دیگر مختلف طریقوں سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے

اور انہیں 69ہزار سے زائدڈی ٹیکشن یونٹس کی مد میں 30لاکھ37ہزارسے زائد کے جرمانے عائدکئے گئے ہیں نیز مذکورہ تمام بجلی چوروں کے کنکشنزمنقطع کرکے ان کے خلاف ایف آئی آرز کے اندراج کیلئے متعلقہ پولیس تھانوں میں درخواستیں دائر کردی گئی ہیں۔فیسکو کے ترجمان طاہر محمود شیخ نے اے پی پی کو بتایا کہ حکومت پاکستان اور وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایات پرفیسکوکا بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اورفیسکو ریجن کے آٹھوں اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف دن اور رات بلاامتیاز گھر گھر چیکنگ کی جارہی ہے

جس کے ساتھ ساتھ فیسکو کے نادہندگان سے واجبات کی وصولی کیلئے بھی ریکوری ٹیمیں فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں اب تک 1052بجلی چوروں کو28 لاکھ48ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور13کروڑ 28لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔ضلع جھنگ میں اب تک 329 بجلی چوروں کو11لاکھ 84ہزارسے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اور 5کروڑسے زائدکا جرمانہ عائد کیاگیاہے۔

ضلع بھکر میں اب تک 339 بجلی چوروں کو8لاکھ66ہزار سے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اور4کروڑ44لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔ ضلع چنیوٹ میں 351بجلی چوروں کو 10لاکھ 72ہزار سے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اور4 کروڑ98لاکھ جرمانہ عائدکیاگیاہے۔ضلع خوشاب میں 108بجلی چوروں کو 3 لاکھ64ہزارسے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اورایک کروڑ70لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔ضلع میانوالی میں 395بجلی چوروں کو8لاکھ 79ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور4 کروڑسے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع سرگودھا میں 353بجلی چوروں کو8لاکھ 53ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور3کروڑ83 لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔ضلع ٹوبہ میں 254بجلی چوروں کو6لاکھ 45ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور3کروڑ25 لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔بجلی چوروں کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران 47روزمیں فیسکو ریجن سے مجموعی طورپر3216 بجلی چوروں کو88لاکھ 18ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور40کروڑ99 لاکھ سے زائدکا جرمانہ عائدکیاگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 2574بجلی چوروں کو گرفتار اور 22کروڑ 94لاکھ سے زائد کی ریکور ی کرلی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بجلی چوری میں 3037گھریلو،94کمرشل،79زرعی اور 6انڈسٹریل صارفین ملوث پائے گئے۔انہوں نے بتایا کہ فیسکو ریجن میں مجموعی طورپر3089بجلی چوروں کے خلاف مختلف پولیس سٹیشنوں میں مقدمات درج کروادئیے گئے ہیں۔علاوہ ازیں حکومت پاکستان کی ہدایت پر فیسکوکے نادہندگان سے ریکوری کی خصوصی مہم بھی بھرپور طریقے سے جاری ہے اورریکوری ٹیمیں بلاامتیازفیسکو ریجن کے آٹھوں اضلاع میں نادہندگان سے واجبات کی وصولی میں مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فیسکو ریجن میں اب تک رننگ ڈیفالٹرز سے11کروڑ65لاکھ سے زائد جبکہ مستقل نادہندگان سے اب تک 34کروڑ 78لاکھ سے زائدکے واجبات وصول کرلئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فیسکو کے نادہندگان میں گھریلو،کمرشل اور صنعتی صارفین شامل ہیں اورواجبات کی مکمل وصولی تک فیسکوکے نادہندگان کے خلاف یہ خصوصی مہم جاری رہے گی۔