فیصل آباد 06 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن بھرپور طریقے سے جاری ہے ،اب تک بجلی چوری میں ملوث 3324گھریلو،105کمرشل،90زرعی اور 8انڈسٹریل صارفین کے خلاف کاروائی کی جاچکی ہے ،ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف جاری خصوصی مہم میں 58روزکے دوران مجموعی طورپر3527 بجلی چوروں کو94لاکھ91ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس کی مد میں 44کروڑ12 لاکھ روپے سے زائدکا جرمانہ عائدکیاجاچکاہے۔
فیسکو کے ترجمان طاہر محمود شیخ نے اے پی پی کو بتایاکہ بجلی چوروں کے خلاف بھرپورکریک ڈاؤن جاری ہے اور ریجن کے آٹھوں اضلاع میں مؤثر کارروائیاں کی جارہی ہیں نیز فیسکو کے نادہندگان سے واجبات کی ریکوری بھی کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران فیسکوریجن کے چھ آپریشن سرکلز میں فیسکو ٹیموں نے دوران چیکنگ مزید31بجلی چور وں کو پکڑلیاجو ڈائریکٹ سپلائی اور دیگر مختلف طریقوں سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،ان بجلی چوروں کو63ہزار سے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اور24لاکھ56ہزارسے زائد کے جرمانے عائدکئے گئے ، تمام بجلی چوروں کے کنکشنزمنقطع کرکے ان کے خلاف متعلقہ پولیس تھانوں میں ایف آئی آرز کے اندراج کےلئے درخواستیں دائر کردی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع فیصل آباد میں اب تک 1145بجلی چوروں کو30 لاکھ46ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور14کروڑ25لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔ضلع جھنگ میں 368 بجلی چوروں کو12لاکھ 87ہزارسے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اور 5 کروڑ38لاکھ سے زائدکا جرمانہ عائد کیاگیاہے۔ ضلع بھکر میں 376 بجلی چوروں کو9لاکھ38ہزار سے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اور4کروڑ78لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔ضلع چنیوٹ میں 381بجلی چوروں کو 11لاکھ92ہزارسے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اور5کروڑ45لاکھ جرمانہ عائدکیاگیاہے۔
ضلع خوشاب میں 120بجلی چوروں کو 3 لاکھ68ہزارسے زائدڈی ٹیکشن یونٹس اورایک کروڑ86لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔ اسی طرح ضلع میانوالی میں 450بجلی چوروں کو9لاکھ 97ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور4 کروڑ51لاکھ سے زائدجرمانہ عائدکیاگیاہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع سرگودھامیں 376بجلی چوروں کو8لاکھ 95ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور4 کروڑ10لاکھ سے زائدجرمانہ عائدکیاگیاہے جبکہ ضلع ٹوبہ میں 276بجلی چوروں کو6لاکھ 51ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور3کروڑ34 لاکھ سے زائد جرمانہ عائدکیاگیاہے۔انہوں نے بتایا کہ آخری بجلی چور کے پکڑے جانے تک یہ مہم جاری رہےگی۔