فیسکو کا صارفین بجلی کے مسائل کے حل اور شکایات کے ازالہ کیلئے کھلی کچہریوں کا انعقاد

178

فیصل آباد ۔ 15 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی( فیسکو) کی جانب سے صارفین بجلی کے مسائل کے حل اور شکایات کے ازالہ کیلئے کھلی کچہریوں کا انعقاد شروع کردیا گیاہے۔

فیسکو کے ترجمان طاہر شیخ نے بتایا کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایت پرصارفین کے بلوں،ٹرانسفارمر اور خراب میٹروں کی تبدیلی،بجلی کی بندش اور صارفین کی بجلی سے متعلقہ دیگرشکایات کے فوری تدارک کیلئے فیسکو ریجن کی تمام سب ڈویژنوں میں سوموار سے دن 11سے دوپہر 1بجے تک کھلی کچہریوں کا انعقاد کیاجارہاہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کھلی کچہریوں میں ایس ڈی اوز اورعملہ کے علاوہ سینئر افسران بھی شرکت کریں گے تاکہ صارفین کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ ہوسکے۔انہوں نے بتایا کہ کھلی کچہریوں کایہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔