فیصل آباد ۔ 16 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)نے10 محرم کویوم عاشور کے موقع پر امام بارگاہوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے سپیشل ایمر جنسی سکواڈزتشکیل دیدیئے ہیں جبکہ سکواڈز میں شامل ملازمین اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کر کے ان کی 24گھنٹے دستیابی کو یقینی بناد یا گیاہے۔
فیسکوکے ترجمان طاہر محمود شیخ نے اے پی پی کو بتایا کہ چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئرمحمد عامر کی ہدایت پرفیسکو حکام نے فیصل آبادمیں مختلف امام بارگاہوں،تعزیہ، ذوالجناح اورعلم کے جلوسوں کے روٹس کا جائزہ لیا اور ان روٹس پربجلی کی تاروں اور ٹرانسفارمرز کی چیکنگ کی ہے تاکہ یوم عاشور کے موقع پربلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایاکہ امام بارگاہ سدھوپورہ، امام بارگاہ شاہی چوک اور مرکزی امام بارگاہ کے روٹس کا جائزہ بھی لیاگیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کہیں بھی مینٹی ننس کا کام نہیں کیا جائے گا تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور لا اینڈ آرڈر کے کاموں میں خلل نہ پڑے۔انہوں نے بتایا کہ ریجن بھرمیں تعزیہ اور ذوالجناح کے تمام روٹس پرکنکشنز اوربے ہنگم تاروں کودرست کردیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹرانسفارمرز ٹرالیاں بھی مہیا کی گئی ہیں تاکہ خدانخواستہ کسی فنی خرابی کی وجہ سے بجلی کی اچانک بندش وایمرجنسی کی صورت میں یہ ٹرالیاں استعمال کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن سٹاف تعزیئے، ذوالجناح، علم،ماتمی جلوسوں، مجالس، شام غریباں کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے ہمہ وقت الرٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران صارفین کی شکایات کو فوری اٹینڈ کرکے ان کاازالہ کیاجائیگا۔انہوں نے بتایاکہ فیسکو ہیڈکوارٹرز سمیت تمام چھ آپریشن سرکلزمیں قائم ہنگامی مراکزپر موجود عملہ24گھنٹے آن کال رہے گا اور کسی بھی جگہ ٹرپنگ،فالٹ آنے یا کسی بھی فنی ایمرجنسی صورت حال میں فوری رسپانس کرتے ہوئے صارفین کے انفرادی مسائل کابھی فوری ازالہ ممکن بنایا جا ئے گا۔