فیصل آباد ۔ 25 جنوری (اے پی پی):چیف ایگزیکٹوآفیسر فیسکو انجینئر محمد عامر نے کہا ہے کہ فیسکو کو جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تا کہ ملازمین زیادہ منظم انداز میں کم سے کم وقت میں شفافیت کے ساتھ اپنے فرائض کو انجام دے سکیں وہ فیسکو ہیڈکوارٹرز میں وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایت پر نیشنل انفارمیشن ٹیکنیکل بورڈ (این آئی ٹی بی) اور فیسکو کے باہمی اشتراک سے منعقدہ دو روزہ ای آفس ٹریننگ ورکشاپ کے اختتام پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہاکہ فیسکو میں ای آفس نظام متعارف کروانے سے فائل انتظام مکمل طور پر ڈیجیٹلائز ہوجائے گا، جس سے تمام کاموں کی کارروائی تیز اور شفاف ہوگی۔ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے یہ ڈیجیٹلائزیشن سرکاری اسائنمنٹس کو زیادہ مؤثر طریقے سے نمٹانے میں مددگار ہوگی۔ یہ نظام کاغذی کارروائی کو کم کرکے وقت اور وسائل کی بچت کرے گااور حکومتی عمل میں مزید شفافیت لائے گا۔
فیسکو میں ای آفس کے نفاذ سے پیپرلیس ورکنگ میں اضافہ ہو گا اور کاغذی دستاویزات کو ختم کر کے نہ صرف اخراجات میں کمی ہو گی بلکہ ملازمین کی مجموعی کارکردگی میں بھی اضافہ ہو گا۔علاوہ ازیں حساس دستاویزات کے لیے محفوظ اسٹوریج اور کنٹرولڈ رسائی ممکن ہو گی جس سے ڈیٹا لیک ہونے کے خطرات بھی کم ہو جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ اس نظام سے فیسکو افسران اور ملازمین آن لائن رہ کرنہ صرف کسی بھی جگہ سے کسی بھی وقت ڈیٹا تک رئیل ٹائم رسائی حاصل کرسکیں گے بلکہ فوری طور پر اپنے فرائض کی ادائیگی بھی کر سکیں گے جس سے وقت کے ضیاع سے چھٹکارہ ملے گا۔ انجینئرمحمد عامر نے کہا کہ مجموعی طور پر ای آفس سسٹم روایتی ورک فلو کو موثر، پائیدار، اور جدید عمل میں تبدیلی کا باعث بنے گا۔مستقبل میں فیسکوای آفس کے تحت ہی کام کرے گی۔
قبل ازیں ایڈیشنل ڈائریکٹر این آئی ٹی بی سیف الرحمن نے فیسکو افسران اور اور ملازمین کو ای آفس کے مختلف فیچرز کے بارے میں تفصیلی لیکچر دیا ای آفس پروگرام میں افسران اور متعلقہ سٹاف کی رجسٹریشن کروائی ا ور کہا کہ ای آفس کے نفاذ سے فیسکو میں کام کی ادائیگی کیلئے ایک منظم اورخودکارطریقہ کار رائج ہو جائے گاجس سے ملازمین کی آؤٹ پٹ میں اضافہ ہو گا۔
انھوں نے ملازمین کو ای آفس کے فوائدسے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف دستاویزات کو شئیر کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اسے فوری طور پر ٹریک بھی کیا جا سکے گا اورغلطیوں کا احتما ل بھی نہیں ہو گا۔
ٹریننگ ورکشاپ میں جنرل مینجر ٹیکنیکل میاں محمد رفیق، جنرل منیجر آپریشن عمر حیات گوندل، چیف انجینئر پی اینڈ ڈی عامر محبوب الٰہی، جی ایم (سی اینڈ سی ایس) راؤمبشرحیات،ڈی جی میراڈ میڈم صدف،ڈی جی ایچ ار فرخ اقبال,ڈی جی ایڈمن غلام مجتبیٰ،چیف انجینئر آپریشن محمد سعید، چیف کمرشل آفیسر اصغرعلی قزلباش،ایڈیشنل ڈی جی آئی ٹی ڈاکٹر عبدالحئی،کمپنی سیکرٹری عابد رشید,ڈائریکٹر ایم آئی ایس فیصل شہزاد، ڈائریکٹر پی آر محمد سعید رضا ودیگر افسران اور ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔