فیسکو کی آج(پیر کو) یوم قائد اعظم اور کرسمس کے موقع پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری رکھنے کی ہدائت

166

فیصل آباد ۔ 24 دسمبر (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)کے چیف ایگزیکٹو نے کل( پیر کو )یوم قائد اعظم اور کرسمس کے موقع پر ریجن کے آٹھوں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ،سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری رکھنے کی ہدائت کی ہے۔

چیف ایگزیکٹو فیسکونے بتایاکہ تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز اور سب ڈویژنل آفیسرز سے کہا گیا ہے کہ وہ مسیحی برادری کے عبادتی و دعائیہ پروگرامز کی تقریبات سمیت گر جا گھروں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کیلئے تمام اقدامات یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام پر واضح کیا گیا ہے کہ صارفین کی شکایات کے فوری ازالہ کیلئے مرکزی کنٹرول روم اور ایمرجنسی سنٹرز 24گھنٹے کھلے رکھے جائیں اور اگر کسی جگہ پر خدانخواستہ کسی فنی خرابی کے باعث بجلی و قتی تعطل کا شکار ہو تو اسے فوری بحال کیا جائے۔

چیف ایگزیکٹو فیسکونے مزید کہا کہ ہمارا دین کامل تمام مذاہب کے پیروکاروں کے احترام،ان کے حقوق پورے کرنے اور پیار و محبت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کرسمس اور قائداعظم ڈے کے حوالے سے فیسکو نے ریجن بھر میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں اورخصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں تاکہ کرسمس ڈے کے موقع پر مسیحی برادری اپنے مذہبی تہوار کی خوشیاں بھرپور طریقے سے منا سکے۔

انہوں نے بتایاکہ مسیحی برادری کے فیسکو ملازمین کے تمام واجبات، تنخواہیں اور پنشن کرسمس ڈے سے قبل ہی ادا کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کرسمس ڈے کے حوالے سے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ ملکی ترقی کیلئے ہمیشہ کی طرح بڑھ چڑھ کر آئندہ بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔