فیصل آباد ۔ 18 فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری اور چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں فیسکو ریجن میں صارفین بجلی کے مسائل فوری طور پر ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے روزانہ دن گیارہ بجے سے دوپہر ایک بجے تک کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کھلی کچہریوں میں فیسکو کے اعلیٰ افسران بھی عوام کے بجلی سے متعلقہ مسائل کے حل کےلئے شرکت کر رہے ہیں تاکہ عوام کے مسائل کو باآسانی اور وقت پر مروجہ قوانین کے تحت اورمیرٹ پر حل کیا جا سکے۔
فیسکو کے ترجمان سعید رضا نے اے پی پی کو بتایا کہ فیسکو انتظامیہ نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ کھلی کچہریوں میں شرکت کریں اور اپنے بجلی سے متعلقہ مسائل کا فوری ازالہ ممکن بنائیں۔انہوں نے بتایاکہ گزشتہ روز فیسکو ریجن کے تمام147 سب ڈویژنز میں کھلی کچہریوں میں عوام کی طرف سے اووربلنگ، خراب میٹروں کی تبدیلی، بجلی کے انقطاع، خراب ٹرانسفارمرز اور نیو کنکشنز کی کل585شکایات موصول ہوئیں جن میں سے585شکایات کا ہی فوری ازالہ کر دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ فیسکو فرسٹ سرکل میں کل233شکایات میں سے233کا ازالہ کیا گیا،اسی طرح سیکنڈ سرکل میں 79میں سے79، جھنگ سرکل میں 43میں سے43، سرگودھا سرکل میں 70میں سے70، میانوالی سرکل میں 69میں سے69جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سرکل میں 91میں سے91شکایات کا فوری ازالہ کر دیا گیا ہے۔