فیصل آباد۔ 17 نومبر (اے پی پی):فیسکو نے رہائشی کنکشنز پر کمرشل سرگرمیاں شروع کرنے والے افراد کو فوری طور پر ٹیرف تبدیل کروانے کی ہدایت کی ہے۔ فیسکو ترجما ن نے کہا کہ جن صارفین نے گھریلو و رہائشی کنکشنز پر گھر میں دفتر، بیوٹی پارلر،گیسٹ ہاؤس، ہوسٹل یا کلینک وغیرہ بنانے سمیت کوئی دیگر کمرشل سرگرمی شروع کررکھی ہے وہ فوری طور پر ان کنکشنز کوکمرشل ٹیرف میں تبدیل کروالیں بصور ت دیگر اچانک چیکنگ کی صورت میں ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی جس کے بعد ان کا ٹیرف خود بخود تبدیل کرنے سمیت انہیں جرمانہ بھی کیاجا سکتاہے۔
انہوں نے بتایاکہ ڈسٹری بیوشن کمپنی کے اعلیٰ حکام کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ بعض مقامات پر فیسکو کے صارفین نے گھریلو و رہائشی کنکشنز حاصل کررکھے ہیں لیکن وہاں پر کمرشل سرگرمیاں جاری وساری رکھی جارہی ہیں جبکہ گھریلو کنکشن کو کمرشل استعمال میں نہیں لایاجاسکتا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ فیسکو کے متعلقہ صارفین ذمہ داری کامظاہرہ کرتے ہوئے اس قسم کے کنکشن کا ٹیرف فوری طور پر تبدیل کروا لیں گے تاکہ بعدا زاں انہیں کسی مشکل یا پریشانی سے دوچار نہ ہونا پڑے۔