فیسکو کے رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف مہم مزید تیزکردی گئی

61

فیصل آباد۔ 22 جنوری (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف مہم میں مزید تیزی لائی جارہی ہے جبکہ مذکورہ مہم میں نادہندگان سے سوفیصد ریکوری کو یقینی بنایا جائے گااور اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بات سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن فرسٹ سرکل انجینئرامیر خان نے ایکسین عبداللہ پور ڈویژن طاہر مقصودکے دفتر میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں سول لائنز، عبداللہ پور اور شیخوپورہ روڈ ڈویژن کے ایگزیکٹو انجینئرز، سب ڈویژنل آفیسرز، ریونیو آفیسرز، لائن سپرنٹنڈنٹس، ڈی اینڈ آر سٹاف اور میٹر انسپکٹرز نے شرکت کی۔ایس ای فرسٹ سرکل فیسکوامیر خان نے اس موقع پر تمام افسران و سٹاف پر زور دیا کہ وہ اپنی متعلقہ سب ڈویژن میں ریکوری مہم کو تیز کریں اور گھر گھر چیکنگ کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامرنے واجبات ادا نہ کرنیوالے صارفین کے خلاف مؤثر اورعملی اقدامات کا حکم دیا ہے۔اس موقع پر انہوں نے فیلڈ سٹاف کو صارفین کے ساتھ بہترین سلوک سے پیش آنے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ صارفین بجلی کی شکایات کا فوری ازالہ ان کی اولین ترجیح ہونی چاہئے تاکہ انہیں بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایاجا سکے۔

انہوں نے لائن سٹاف کو دوران ڈیوٹی تمام ترحفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ضرورت پرزور دیا اور کہا کہ لائن مین فیسکو کا قیمتی ترین اثاثہ ہیں جن کی جانوں کی حفاظت کیلئے ٹی اینڈ پی موجود ہے تاہم یہ لائن مین کا کام ہے کہ دوران ڈیوٹی تمام ٹی اینڈ پی کا استعمال کرے