فیصل آباد۔ 15 جولائی (اے پی پی):فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے یوم عاشورہ کے اختتام تک بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے انتظامات مکمل کرلئے ہیں جبکہ فیصل آباد،جھنگ، سرگودھا، میانوالی، چنیوٹ، کمالیہ، بھکر اورجوہر آبادمیں ریجنل کنٹرول رومزبھی قائم کردیئے گئے ہیں جہاں افسران کی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں ہیں ۔چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئر محمد عامرخودفیسکو ہیڈ کوارٹر میں قائم مرکزی کنٹرول روم سے براہ راست تمام سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔
چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئر محمد عامرنے اے پی پی سے بات چیت کے دوران بتایاکہ محرم الحرام کے تعزیہ کے جلوسوں،ذوالجناح،ماتمی جلوسوں،مجالس کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کیلئے مطلوبہ سامان اور آلات سے آراستہ فیسکوکی گاڑیاں اور ماہر عملہ موجود ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ فیسکو کی مختلف ٹیموں نے ریجن بھر کے آٹھوں اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے امام بارگاہوں، ذوالجناح اور تعزیہ کے روٹس کا ازسرنو جائزہ لیکر ان روٹس پر تاروں کے نظام کو مزید بہتر بنادیا ہے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چیف ایگزیکٹو نے بتایاکہ ایمر جنسی سکواڈ میں شامل ملازمین اور افسران کی چھٹیاں فی الفور منسوخ کردی گئی ہیں تا کہ ان مقدس ایام میں بجلی کے ہنگامی مسائل کو فی الفور حل کیاجا سکے جبکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مختلف ڈویژنوں کو ٹرانسفارمرز ٹرالیاں بھی مہیا کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں اپنے بجلی کے بل پر درج فیسکو سب ڈویژن کے نمبر،ٹول فری نمبر080066554،ہیلپ لائن 118یا فیسکو ہیڈکوارٹرزکے مرکزی کمپلینٹ سنٹر کے نمبرز0419220290اور0419220618پر رابطہ کرسکتے ہیں۔علاوہ ازیں صارفین فیسکو کے آفیشل فیس بک پیج،موبائل ایپلی کیشن ”فیسکو لائیٹ”اور 8118پر ایس ایم ایس کرکے بھی شکایت درج کرائی جاسکتی ہے۔