اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):سینیٹ سیکرٹریٹ پارلیمنٹ ہائوس میں قائم کیے گئے فیسیلیٹیشن سینٹر کی جانب سے مسلسل دوسرے روز بھی نومنتخب سینیٹرز کو رجسٹریشن کے عمل میں سہولت فراہم کرنے کا عمل جاری رہا۔
پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان کی ہدایت پر سینیٹرز کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز کرنے کے لیے سہولت سینٹر قائم کیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد تمام ضروری سہولیات کو ایک ہی چھت کے نیچے فراہم کرنا ہے تاکہ معزز سینیٹرز کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔
اس تمام عمل میں پروٹوکول، آئی ٹی، سروسز اور میڈیا ڈائریکٹوریٹ سمیت سینیٹ سیکرٹریٹ کے متعدد شعبوں کی کوشش اور باہمی تعاون شامل رہا۔
سیکرٹری سینیٹ نے سپیشل سیکرٹری سینیٹ کے ہمراہ ذاتی طور پر سہولت کاری ڈیسکس کا دورہ کیا اور رجسٹریشن کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سینٹرلائزڈ سروسز سے مستفید ہونے والے سینیٹرز نے سینیٹ عملے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے تعاون اور سہولت کاری پر ان کا شکریہ ادا کیا۔