فیصل آباد۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):جج سپیشل کورٹ سنٹرل فیصل آباد /سرگودھا ڈ ویژن رانا زاہد اقبال خان نے تھانہ ایف آئی اے فیصل آباد کے انسانی سمگلنگ کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو جرم ثابت ہونے پر مختلف دفعات کے تحت 21سال قید بامشقت، 11لاکھ روپے جرمانہ اور 37 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کی سزا کا حکم سنا دیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق، حسنیہ کالونی گوجرہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی یاسر علی ولد بشارت علی نے 2022 میں محلہ طاہر آباد شرقی چناب نگر لالیاں ضلع چنیوٹ کے رہائشی تصور احمد بٹ کے بھانجے شہریار طارق کو اٹلی بھجوانے اور ملازمت دلوانے کیلئے 37لاکھ روپے وصول کئے
مگر بعد ازاں ملزم نے شہریار طارق کو نہ تو اٹلی بھجوایا اور نہ ہی بیرون ملک ملازمت دلوائی بلکہ غیر قانونی باڈر کراسنگ کی وجہ سے ذلیل وخوار ہوکر وہ ایران سے واپس پاکستان پہنچ گیاجس پر ایف آئی اے فیصل آباد پولیس نے 7جولائی 2023 کومقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ آج کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر جج سپیشل کورٹ سنٹرل فیصل آباد /سرگودھا ڈویژن رانا زاہد اقبال خان نے ملزم یاسر علی کو ایمگریشن آرڈیننس کی دفعہ 17کے تحت 3 سال قید بامشقت اور 1 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا ہے۔
جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو3 ماہ کی قید محض بھگتنا ہوگی۔ عدالت نے ایمگریشن آرڈیننس کی دفعہ 22کے تحت 7 سال قید بامشقت اور2لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو6 ماہ کی قید محض بھگتنا ہوگی۔پریونشن آف سمگلنگ آف مائیگر ینٹس ایکٹ کی دفعہ 3کے تحت 3 سال قید بامشقت اور2 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو6 ماہ کی قید محض بھگتنا ہوگی۔
پریونشن آف سمگلنگ آف مائیگر ینٹس ایکٹ کی دفعہ 4کے تحت 1 سال قید بامشقت اور1لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو3ماہ کی قید محض بھگتنا ہوگی۔پریونشن آف سمگلنگ آف مائیگر ینٹس ایکٹ کی دفعہ 6کے تحت7 سال قید بامشقت اور5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو6 ماہ کی قید محض بھگتنا ہوگی۔
تاہم عدالت نے ملزم کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ (B) 382 کا فائدہ دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کی تمام سزائیں اکھٹی شروع ہوں گی۔ اسی طرح عدالت نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ (A)544 کے تحت ملزم کو 37لاکھ روپے بطور ہرجانہ متاثرہ شخص کو ادا کرنے کا حکم سنایا۔ ہرجانہ کی رقم ادا نہ کرنے پر ملزم کو6 ماہ قید کی سزا بھگتنا ہوگی جبکہ ہرجانہ کی رقم لینڈ ریونیو کے بقایاجات کی طرح قابل وصول رہے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=516147