فیصل آباد۔ 14 جون (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی مہم کے تمام ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا جارہا ہے، احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ڈینگی سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کے عالمی دن کے موقع پر ہیڈ آفس کمیٹی روم میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ ہیڈآفس سمیت تمام واسا دفاتر اور عمارتوں کی روزانہ کی بنیادوں پر صفائی لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ چھتوں سمیت کسی جگہ پانی جمع نہیں ہونا چاہئے اس حوالے سے سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔ انہوں نے انسداد ڈینگی مہم کے دوران عوامی آگاہی کے لئے فلیکسز، سٹیمرز آویزاں کرنے اور شہریوں میں پمفلٹس تقسیم کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ اپنے دفاتر، گھروں، محلوں اور گلیوں کو صاف ستھرا رکھ کر اور احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ہی ڈینگی سے بچاؤ ممکن ہے ۔ سیمینار کے دوران ڈاکٹر اقراء نے ڈینگی مچھر کی افزائش، پرورش، سرویلنس، عوامی آگاہی، بیماری کی صورت میں علامات اور اس کے علاج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ سیمینار کے اختتام پر آگاہی واک کی گئی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن جاوید غنی، فوکل پرسن انسداد ڈینگی مہم ڈپٹی ڈائریکٹر فرحان علی و دیگر نے واسا ہیڈ آفس کی چھت کی صفائی کا جائزہ لیا اور اسے تسلی بخش قرار دیا۔