فیصل آباد،ایم ڈی واسا نے شہر بھر میں نادہندہ صارفین کےخلاف کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دے دیا

130

فیصل آباد ۔ 19 جولائی (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واٹڑ اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) عامرعزیز نے شہر بھر میں نادہندہ صارفین کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا حکم جاری کردیا ہے جس کے تحت ریونیو ڈائریکٹوریٹس کی ٹیمیں نادہندہ صارفین کے کنکشن منقطع کرنے کے ساتھ قانونی کارروائی بھی کریں گی۔

ایم ڈی واساکی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے بعدایسٹ اور ویسٹ زون کے ڈائریکٹرز ریونیو شہریار حسن اور عمر افتخار نے تمام ریونیو ٹیموں کو روزانہ کی بنیاد پر نادہندہ صارفین سے واجب الادا بقایا جات اور ماہانہ بلز کی ادائیگی کرانے کی ہدایت کر دی ہے اور واضح کیا ہے کہ ماہانہ بلز کی عدم ادائیگی پر نادہندہ صارفین کے سیوریج اور واٹرسپلائی کنکشن منقطع کر دئیے جائیں اور اگر کوئی نادہندہ صارف مزاحمت کرتا ہے تو اس کے خلاف سخت قانونی ایکشن لیا جائے۔

ایم ڈی واسا نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں صارفین کی اکثریت اپنے ماہانہ بلز جمع نہیں کراتی جس کی وجہ سے متعلقہ علاقہ میں شکایات کے ازالے کے لئے واسا کے فیلڈ سٹاف کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس پر نادہندہ صارفین کے خلاف ایکشن کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے صارفین سے اپیل بھی کی کہ وہ اپنے ذمہ واجب الادا واجبات اور ماہانہ بلز کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ واسا فیصل آباد ان کے لئے فراہمی و نکاسی کی معیاری سروسز میں مزید بہتر لا سکے۔