فیصل آباد۔ 27 نومبر (اے پی پی):موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی پولٹری فارمرز نے برائلر و دیسی انڈوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے اور گذشتہ 72گھنٹوں کے دوران برائلر انڈوں کی قیمت میں 60روپے اور دیسی انڈوں کی قیمت میں 150روپے سے بھی زائد کا اضافہ کر دیا گیاہے۔
ایگ سیلرز ایسوسی ایشن فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے بتایاکہ چونکہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ انڈوں کے استعمال میں بھی اضافہ ہو گیا ہے اسلئے منڈیوں میں انڈے کی قیمت بڑھ جانے کے باعث انہیں بھی مجبوراً نئے نرخوں کے مطابق انڈے فروخت کرنا پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ایگ مارکیٹ میں پہلے برائلر انڈوں کی قیمت250سے 275روپے فی درجن تھی لیکن اب یہ قیمت340 سے350 روپے فی درجن ہوگئی ہے۔
اسی طرح پہلے دیسی انڈے 550سے580روپے فی درجن دستیاب تھے لیکن اب یہ نرخ675 سے700 روپے فی درجن ہو گئے ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ جوں جوں سر دی کی شدت میں اضافہ ہو گا اس کے ساتھ ہی انڈوں کی قیمت میں بھی مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب شہریوں نے انڈوں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز منافع خور مافیا شہریوں کودونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے مگر کوئی انہیں پوچھنے والا نہیں۔ انہوں نے فوری برائلر و دیسی انڈوں کے سرکاری نرخ مقرر کرکے ان کی وسیع پیمانے پر تشہیر کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ ناجائز منافع خوری کے رجحان کو روکا جاسکے۔