فیصل آباد۔ 14 دسمبر (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد نے جعلی سرکاری نمبر پلیٹس، ریوالونگ لائٹس والی گاڑیوں اور کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ۔
سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کے ترجمان نے کہا ہے کہ تمام ٹرانسپورٹ و گاڑی مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پرائیویٹ گاڑیوں پر لگائی گئی سبز نمبر پلیٹیں اور ریوالونگ لائٹس فوری طور پر اتار دیں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور مقدمات کے اندراج کے علاوہ بھاری جرمانے بھی کئے جائیں گے نیز 18سا ل سے کم عمر نوجوان بھی گاڑیاں چلانے سے گریز کریں ورنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان نے بتایاکہ شاہراہوں پر ہونے والے زیادہ تر حادثات کی وجہ کم عمری سمیت بلا لائسنس ڈرائیونگ بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قانون کے مطابق 18سال سے کم عمر افراد ڈرائیونگ کے اہل نہیں۔ انہوں نے کہاکہ دوران چیکنگ ڈرائیونگ لائسنسوں کی پڑتال بھی کی جا رہی ہے اس لئے تما م افراد گاڑی چلاتے وقت اپنے لائسنس ہمراہ رکھیں۔انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ شہریوں کو حادثات سے بچانے کے لئے اپنے کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ سے دور رکھیں۔