فیصل آباد۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد،جھنگ، ساہیوال،ملتان،بہاولپور کے کاشتکاروں کو چنے کی کاشت 15 نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار چنے کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے بروقت چنے کی کاشت یقینی بنائیں تاکہ اچھی فصل کاحصل ممکن ہو سکے کیونکہ پچھیتی کاشت کی صورت میں جہاں چنے کی فصل کم نشوونما پاتی ہے وہیں اگیتی کاشت سے بڑھوتری زیادہ ہونے سے بھی پیداوار متاثر ہوسکتی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادعدیل احمدنے اے پی پی کو بتایاکہ پنجاب کے آبپاش علاقوں فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، بہاولپور اور وسطی و جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع کے ساتھ ساتھ تھل، بھکر، خوشاب، میانوالی، جھنگ کے بارانی و آبپاش علاقوں میں 15 نومبر تک، جہلم، راولپنڈی، گجرات، نارووال کے اضلا ع میں 10نومبر تک جبکہ اٹک اور چکوال کے اضلاع میں یکم نومبر تک چنے کی کاشت مکمل کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ چنے کی ترقی دادہ اقسام میں دیسی اقسام بٹل 98، تھل 2006، پنجاب 2008، بلکسر 2000، ونہار 2000، بھکر 2011 اور کابلی اقسام میں سی ایم 2008، نور 91، نور 2009، نور2013اور ٹمن 2013وغیرہ کی کاشت سے شاندار پیداوار کاحصول یقینی ہو سکتاہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=515954