فیصل آباد،سرسوں،رایا اورکینولہ کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ

231
Cultivation of mustard
Cultivation of mustard

فیصل آباد۔ 30 مئی (اے پی پی):نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ سرسوں،رایا اورکینولہ کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ ہوا اور امسال10لاکھ77ہزارایکڑسے زائدرقبہ پر ان فصلوں کو کاشت کیا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرسوں، رایا اور تارا میرا پنجاب میں صدیوں سے کاشت کی جانے والی کم دورانیہ کی اہم تیل دار فصلیں ہیں جن سے حاصل ہونے والا تیل غذائی اہمیت کا حامل ہے جو لذیز کھانوں کی تیاری کے علاوہ، اچار اور بیکری مصنوعات میں بکثرت استعمال ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیلدار اجناس کی کاشت پر خرچ کم جبکہ رقبہ اور وقت کے حساب سے فی یونٹ آمدن میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے یہ اجناس بہترین نقد آور فصلوں کا درجہ اختیار کرگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تیلدار اجناس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث ان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے لئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنا اگائیں اپنا کھائیں کے سلوگن کے تحت بہتر پیداواری صلاحیت، کیڑوں اور بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی اقسام کی کاشت کے فروغ سے نہ صرف کاشتکاروں کی زرعی آمدن میں اضافہ بلکہ غذائی تحفظ کا حصول بھی ممکن ہورہا ہے۔