فیصل آباد،سورج مکھی کے کاشتکاروں کو شرح بیج 20سے25 کلوگرام فی ایکڑ رکھنے کی ہدایت

113
Sunflower

فیصل آباد۔ 04 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمودنےسورج مکھی کے کاشتکاروں کو شرح بیج 20سے25 کلوگرام فی ایکڑ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں سورج مکھی کی بہاریہ کاشت شروع ہو گئی ہے۔سورج مکھی کی کاشت کے شیڈول کے مطابق بہاولپور، رحیم یار خان، خانیوال، ملتان، وہاڑی، بہاولنگر کے اضلاع میں سورج مکھی کی بہاریہ کاشت یکم جنوری سے31 جنوری تک، ڈی جی خان، مظفر گڑھ،لیہ،لودھراں،راجن پور، بھکرکے اضلاع میں 10جنوری سے 10 فروری تک، فیصل آباد، جھنگ، میانوالی،سرگودھا، خوشاب، ساہیوال اور اوکاڑہ کے اضلاع میں 15 جنوری سے 15 فروری تک، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، منڈی بہاؤالدین،قصور،شیخوپورہ،ننکانہ صاحب، نارووال کے اضلاع میں یکم فروری سے 25 فروری تک اور اٹک، راولپنڈی، گجرات، چکوال کے علاقوں میں یکم فروری سے 25 فروری تک کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ سورج مکھی کی بھرپور پیداوار کے لئے بیج کی شرح 20سے25کلوگرام فی ایکڑ ہونی چاہیے۔ انہوں نے بتایاکہ کاشتکارسورج مکھی کی ہائبرڈ اقسام ہائی سن 33، ہائی سن 39، اگورہ 4،این کے 278، ڈی کے 4040، 64A93، ایف ایچ 331 وغیرہ کاشت کرکے بہتر پیداوار حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھاری میرازمین سورج مکھی کی کاشت کے لئے انتہائی موزوں ہے تاہم سیم زدہ اور زیادہ ریتلی زمین میں سورج مکھی کی کاشت سے اجتناب کرنا چاہیے۔