فیصل آباد،شوگر ملز کو گنا فروخت کرنے والے کاشتکاروں کو15 دن کے اندر ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت

329
فیصل آباد،شوگر ملز کو گنا فروخت کرنے والے کاشتکاروں کو15 دن کے اندر ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت

فیصل آباد۔ 04 دسمبر (اے پی پی):کمشنر فیصل آبادڈویژن سلوت سعیدنے شوگر ملز کو رواں کرشنگ سیزن کے دوران گنا فروخت کرنے والے کاشتکاروں کوحکومت کے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق15 روز کے اندر رقوم کی ادائیگی یقینی بنانے اور مڈل مین کی حوصلہ شکنی کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ کاشتکاروں کی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز کے علاوہ ضلع میں ہر شوگر مل کے گیٹ پر شکایات سینٹرزبھی قائم کروائیں اور غیرقانونی کنڈے لگانے یا ملز کی طرف سے بلاجواز کٹوتی کو سختی سے روکا جائے۔

انہوں نے ملز کے کنڈوں کے معیار کی باقاعدگی سے انسپکشن کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو گنے کی رقوم کی 15روزکے اندر ادائیگیوں کو یقینی بنایا جائے اور مڈل مین کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

انہوں نے گنے سے لدی ٹرالیوں کی آسانی کے لئے بہتر ٹریفک انتظامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کرشنگ سیزن سے متعلقہ تمام امور کی احسن طریقے سے انجام دہی کے لئے حکومت کے رہنما اصولوں اور اقدامات پر عملدرآمد کیا جائے تاکہ کاشتکارو ں کا استحصال نہ ہوسکے نیز مانیٹرنگ ٹیمیں کرشنگ سیزن میں ہمہ وقت سرگرم عمل رہیں اور حکومتی پالیسیوں کی روشنی میں جاری کئے گئے حکمنامہ پر عملدرآمد میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔