فیصل آباد۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):فیصل آباد میں نصرت فتح علی خان ہسپتال حسیب شہید کالونی میں نیا اوپی ڈی بلاک فعال کر دیا گیا ہے جس کی بدولت مریضوں کو اوپی ڈی پر علاج معالجہ کی جدید و معیاری طبی سہولیات میسر ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئرشیخ نے نصرت فتح علی خان ہسپتال کا دورہ کیا اور اوپی ڈی پر مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عطاء المعنم نے ہسپتال کے انتظامی وطبی امور سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہسپتال کو مکمل فعال بنانے کے لئے اقدامات تیز رفتاری سے جاری ہیں۔
انہوں نے ہسپتال میں مریضوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے علاج معالجہ وادویات کی فراہمی بارے دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی کے معیار اور دستیاب مقامات پر پودے لگانے کے عمل کو بھی چیک کیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ہسپتال کے شعبوں کو بتدریج مکمل کرکے مریضوں کے لئے کھولا جارہا ہے۔