فیصل آباد۔ 05 ستمبر (اے پی پی):گونرنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں خصوصی شجر کاری مہم کے تحت پودے لگانے کا عمل شروع کردیا گیا، اس ضمن میں یونیورسٹی کےشعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن، گرین سرکل اور ایگری ٹوورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈکے باہمی اشتراک سے پودا لگاؤ ماحول بچاؤ پلانٹیشن مہم کے تحت یونیورسٹی میں ایک سو کے قریب پودے لگائے گئے ، تقریب کے مہمان خصوصی ایس ایس پی پی ایچ پی مرزا انجم کمال تھے جبکہ مہمان اعزاز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی تھیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اورموسمیاتی تبدیلی سے نمٹنےکےلئے درخت لگانا بہت ضروی ہے تاکہ موسمیاتی تبدیلی جیسے مسائل کا فوری حل نکل سکے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں پر بڑھتی ہوئی تشویش اور ہمارے سیارے پر اس کے تباہ کن اثرات میں درخت ہی امید کی کرن ہیں جو مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں ،مختلف قسم کے مقامی درختوں کے پودے لگانے سے مقامی ماحولیاتی نظام کی بہتری میں مدد ملے گی، نقصان دہ آلودگیوں پر قابو پایا جا سکے گا اور فلٹر شدہ ہوا میسر آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینے کے لئے کمیونٹی، سکولز ،کالجز، یونیورسٹیوں اور مقامی کاروباری اداروں کی فعال شرکت کی ضرورت ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ اپنی اور خاندان کی حفاظت ہم میں سے ہر ایک کی ذمہ داری ہے لہٰذا نوجوان موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ پھلائیں۔ سی ای او گرین سرکل ساجد اقبال سندھو اور سی ای او ایگری ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈطارق تنویر نے کہا کہ درخت لگانے کی مہم کو کامیاب بنانے کےلئے مقامی حکام، ماحولیاتی تنظیموں اور رضاکاروں کے ساتھ ہم ہر قسم کا تعاون کرنے کےلئے تیار ہیں کیونکہ ایسے اقدام کی کامیابی کمیونٹی کی اجتماعی کوششوں پر منحصر ہےجس کےلئے ہم سب کو دعوت دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پودے لگاناہی کافی نہیں بلکہ ان کی حفاظت اور دیکھ بھال بھی اہم مرحلہ ہے۔بعدازاں پودا لگاؤ ماحول بچاؤ مہم کے حوالے سے آگاہی واک بھی نکالی گئی جس کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے کی۔آخر میں ایس ایس پی پی ایچ پی مرزا انجم کمال،انچارجز شعبہ جات ، صحافیوں اور طالبات نے واک میں شرکت کی اور پودے لگا کر شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔