فیصل آباد۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):ٹماٹر کی دوغلی اقسام سالار ایف ون اور ساندل ایف ون سمیت ٹماٹر کی خزاں کاشت کی اقسام آٹمن 29اور آٹمن30کی کاشت سے ٹماٹر کی پیداوارمیں اضافہ ہواہے۔جامعہ زرعیہ کے ماہرین زراعت نے بتایاکہ عوام کو معیاری اورسستی سبزیوں کی سارا سال فراہمی کیلئے سبزیوں کے زرعی سائنسدان ملک میں سبزیوں کی اگیتی اور لیٹ ہائبرڈ اقسام تیار کرنے کے علاوہ ان کی کاشت کے نئے علاقے متعارف کرارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سبزیوں کی تیار کردہ مقامی دوغلی اقسام کے بیجوں کی کمرشل پیمانے پر فروغ کیلئے ترقی پسند کاشتکار اور پرائیویٹ سیڈ کمپنیز آگے آئیں اور کاشتکار سبزیوں کو منافع پخش بنانے سمیت مارکیٹنگ مسائل کے حل کیلئے علاقائی سطح پر فارمرز ایسوسی ایشن بنائیں اور سبزی منڈیوں و شہروں کے مختلف مقامات پر کاشکار اپنے سیل پوائنٹ قائم کریں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب اپنی سبزیوں کی سالانہ ضروریات کا صرف 18 فیصد پیدا کرتا ہے جبکہ باقی ماندہ 82فیصد دوسرے صوبوں اور غیر ملکی درآمدات سے پورا کیاجاتاہے۔ انہوں نے زرعی سائنسدانوں پر زور دیا کہ زیادہ درجہ حرارت اور وائرسی بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی نئی اقسام متعارف کرائیں۔ انہوں نے ترقی پسند کاشتکار وں کو سفارش کی کہ وہ سبزیوں کے بعد از برداشت نقصانات کم کرنے کیلئے آلو کی طرح مختلف سبزیوں کی سٹوریج کیلئے ضروری اقدامات کریں۔
انہوں نے بتایاکہ ٹماٹر کی نئی اقسام کی کاشت کو فروغ دے کر ٹماٹر کی زیادہ عرصہ تک فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نئی اقسام کو شیخوپورہ، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور کے علاقوں میں ٹیسٹ کیا جاتا ہے جس سے مختلف علاقوں کی آب و ہوا اور درجہ حرارت کے مطابق اقسام کی تیاری میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ ٹنل میں بے موسمی سبزیوں کی کاشت کے فروغ اور مختلف فصلوں سبزیوں کی مخلوط کاشت کیلئے ادارہ کے زرعی سائنسدانوں سےرہنمائی حاصل کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=515911