فیصل آباد۔ 01 مارچ (اے پی پی):تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ مکو آنہ کے قریب پولیس مقابلے میں مفرور ڈاکو ہلاک اور 2 فرار ہوگئے۔تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقہ مکو آنہ کے قریب مبینہ مقابلہ میں پولیس حراست سے فرار ہونیوالا ڈاکو ندیم مسیح ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مذکورہ ملزم قتل، ڈکیتی، ڈکیتی مع قتل سمیت 51 وارداتوں میں مطلوب تھا۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ پکار 15 پر کال موصول ہوئی کہ نامعلوم ملزمان نے فیصل آباد جڑانوالہ روڈ پر کالر سے موٹر سائیکل و نقدی چھین کر فرار ہوگئے ہیں۔ اطلاع ملنے پر بذریعہ وائرلیس علاقہ کی ناکہ بندی کروا دی گئی۔ چوکی مکوآنہ پولیس کی ٹیم نے دورانِ گشت 3 موٹر سائیکل سواروں کو مشکوک جان کر روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی۔
پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ رکنے پر 1 ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک پایا گیا جبکہ 2 نامعلوم ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ملزم کی شناخت ندیم مسیح کے نام سے ہوئی جو کہ قتل، ڈکیتی معہ قتل اور چوری سمیت مختلف جرائم کے 51 مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ملزم ندیم مسیح تھانہ کھرڑیانوالہ میں بر ریمانڈ جسمانی پر تھا جو کہ علاقہ تھانہ بلوچنی سے بعد از برآمدگی گھسیٹ پورہ سٹاپ پر پولیس حراست سے فرار ہوگیا تھا۔ جائے وقوعہ سے فرار ہونیوالے ملزمان کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے ضلع بھر میں ناکہ بندی کر وادی گئی ہے۔