فیصل آباد۔ 21 دسمبر (اے پی پی):پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس فیصل آباد کے موبائل ایجوکیشن یونٹ کی جانب سے شہریوں کو سموگ،دھند و دیگر اہم امور سے متعلق آگاہی لیکچرز دینے کا سلسلہ جاری ہے ،
چند روز کے دوران فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں 76 پروفیشنل و ٹیکنیکل اداروں، 29بینکوں، 60پبلک مقامات، 49پٹرول پمپس، 21ہسپتالوں، 25 دیہاتوں، 19یونین کونسلوں اور 48گڈز ٹرانسپورٹ اڈوں کے دورے کر کے انہیں سموگ سے پیدا شدہ صورتحال،دھند میں حادثات سے بچاؤ، ٹریفک رولز اور روڈ سیفٹی بارے آگاہی فراہم کی گئی۔
موبائل ایجوکیشن یونٹ فیصل آباد کے ترجمان شاہد ندیم نے بتایاکہ ایس ایس پی ہائی وے پٹرولنگ پولیس فیصل آباد ریجن مرزا انجم کمال کی سربراہی میں عوام کو ٹریفک رولز و روڈ سیفٹی اور پٹرولنگ پولیس کی ہیلپ لائن 1124کے بارے میں بھی مکمل آگاہی فراہم کی گئی تاکہ وہ متعلقہ قوانین کی پاسداری کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ آگاہی لیکچرز کے دوران سموگ میں ڈرائیونگ، دھند میں احتیاط، نوجوانوں کو ہیلمٹ کے استعمال کے فوائد اور ون ویلنگ کے نقصانات سے بھی روشناس کروایا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ تیز رفتاری قیمتی انسانی جانوں کے نقصان اور کسی بڑی معذوری کا بھی باعث بن سکتی ہے اس لئے تیز رفتاری سے گریز کرنا چاہیے،بسوں اور ویگنوں کے مالکان سے کہا گیا ہے کہ وہ سموگ و دھند کے علاوہ عام حالات میں بھی اوور لوڈنگ اور اوور سپیڈنگ سے گریز کریں تاکہ حادثات کی شرح کو کم سے کم کیا جا سکے جس کے مثبت نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔