فیصل آباد۔ 18 جنوری (اے پی پی):ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو چنے کی فصل کی بروقت چھدرائی کی ہدایت کی ہے۔ ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے زرعی ماہرین نے کہاہے کہ کاشتکار فی ایکڑ بہتر پیداوار کے حصول کے لئے فصل کی دیکھ بھال میں کسی غفلت کامظاہرہ نہ کریں اور فصل اگنے کے 15دن کے اندر اندر اس کی چھدرائی کرکے زائد پودوں کو نکال دیں اورپودوں کا قطاروں میں درمیانی فاصلہ 15سینٹی میٹر یا6انچ کردیں تاکہ پودوں کی بہتر بڑھوتری ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ فصل اگنے کے موقع پر زمین میں نمی کم ہوتو چھدرائی کاعمل تھوڑی تاخیر سے بھی شروع کیاجاسکتاہے کیونکہ ایسی صورت میں فصل پر سوکے کی بیماری حملہ آور ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چنے کی فصل کو پانی کی کم ضرورت ہوتی ہے لہٰذاآبپاش علاقوں میں بارش نہ ہونے کی صورت میں پھول آنے پر اگر فصل سوکا محسوس کرے تو اسے ہلکاپانی لگایاجاسکتاہے۔
انہوں نے کہاکہ کاشتکارکابلی چنے کے لئے پہلاپانی کاشت کے45 دن بعد اور دوسراپانی فصل پر پھول آنے پر دیں۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ دیگرفصلوں کی طرح جڑی بوٹیاں چنے کی فصل کو بھی نقصان پہنچاسکتی ہیں لہٰذا فصل اگنے کے 30روز کے اندر اندر جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے پہلی اور 70روز کے اندر دوسری گوڈی کی جانا ضروری ہے تاکہ دوبارہ اگ آنے والی جڑی بوٹیاں بھی تلف ہو سکیں۔