فیصل آباد ۔ 19 دسمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں، کسانوں، زمینداروں کو شدید دھند یا بارش اور تیز ہوا کی صورت میں اپنی فصلوں پر کیڑے مار ادویات کے سپرے سےگریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمودنے اے پی پی کوبتایا کہ زراعت کی ترقی میں کیڑے مار ادویات کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کی سہولت کے لئے فری ہیلپ لائن بھی قائم کر رکھی ہے جبکہ محکمہ زراعت کا عملہ ہمہ وقت ان کی خدمت کے لئے موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک کسان میں شعور و آگاہی پید انہیں ہو گی اس وقت تک زرعی خود کفالت کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کاشتکاروں کو گندم کو سخت سردی اور کورے سے محفوظ رکھنے کے لئے بھی بروقت حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ فصل کی جس قدر بہتر نگہداشت کی جائے گی اسی قدر بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکتاہے۔انہوں نے کہاکہ گندم کی زیادہ اگیتی اور زیادہ پچھیتی کاشتہ فصل کو کورے کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لئے یوریا کی مناسب مقدار استعمال کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکار کورا پڑنے کی متوقع راتوں میں گندم کی فصل کی ہلکی آبپاشی کریں کیونکہ پانی لگانے کی صورت میں کھیت کا درجہ حرارت اچانک کم نہیں ہوتا اور پودوں میں کورے کے خلاف قوت مدافعت بھی پیدا ہو جاتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اگر کاشتکار زمین کے وتر آنے پر فوری گوڈی کریں تو کھیت میں محفوظ نمی اوپر آنے سے کھیت کا درجہ حرارت کم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ کور ا پڑنے کی متوقع راتوں میں گندم کے کھیتوں کے کنارے مختلف جگہوں پر اگر گڑھے کھود کر ان میں بھوسہ وغیرہ بھر دیں اور اسے آگ لگا کر اوپر کوئی چیزرکھ دیں تو اس سے نکلنے والے دھوئیں کے باعث فصل کورے سے محفوظ رہ سکتی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ شدید کورے کی صورت میں کاشتکار 2کلوگرام یوریا فی ایکڑ 100لیٹر پانی میں ملا کر بھی سپرے کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر کاشتکار فصل کو نقصان سے بچائیں تو فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کو یقینی بنایا جا سکتاہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار محکمہ زراعت کے افسران کی مشاورت سے منظور شدہ ادویات کا سپرے کریں تاکہ فصل کو کیڑے مکوڑوں سے بچا کر فی ایکڑ زیادہ پیداوار کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=537550