فیصل آباد،کاشتکاروں کو پلاسٹک ٹنل میں سبزیوں کی بیماریوں کے تدارک کے لیے بروقت اقدامات کی ہدایت

181
فیصل آباد،کاشتکاروں کو پلاسٹک ٹنل میں سبزیوں کی بیماریوں کے تدارک کے لیے بروقت اقدامات کی ہدایت

فیصل آباد۔ 26 ستمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت پنجاب نے پلاسٹک ٹنل کے کاشتکاروں کو سبزیوں کی بیماریوں کے تدارک کے لیے بروقت اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ زراعت کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ زمیندار و کاشتکار پلاسٹک ٹنل میں سبزیوں کی بیماریوں اکھیڑا، روئیں دار پھپھوند، سفوفی پھپھوند،مرجھاؤ، اگیتا، پچھتا جھلساؤ، بلاسم اینڈ راٹ کے تدارک کے لیے بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ سبزیوں کی اچھی پیداوار حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے کہاکہ سبزیوں کی کاشت سے لے کر ان کی برداشت تک کے مراحل میں مذکورہ بیماریاں کسی بھی وقت حملہ آور ہو کر نقصان کا باعث بن سکتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سبزیوں پر اکھیڑے کے حملہ کی صورت میں جس زمین پر اس بیماری کا حملہ ہو اس میں دو تین سال تک یہ فصل کا شت نہ کی جائے اور جون میں متاثرہ زمین میں ہل چلا کر اسے کھلا چھوڑ دیاجائے اور بعد ازاں سبزیوں کے بیج کو موزوں زہر لگا کر کاشت کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ روئیں دار پھپھوندی کاحملہ شروع ہونے سے قبل اس کا تدارک انتہائی مشکل ہوتاہے لہٰذا کاشتکار ٹنل میں درجہ حرارت اور نمی کو کنٹرول کرتے ہوئے پھپھوند ی کش زہر کا سپرے بھی کریں۔ انہوں نے کہاکہ سفوفی پھپھوند ی پر قابو پانے کے لیے صبح یاشام کے وقت ٹنل میں سپرے کرتے ہوئے نمی کو بھی کنٹرول کیاجائے۔

انہوں نے بتایاکہ بیج کو موزوں پھپھوندی کش زہر لگاکر کاشت کرنے سمیت فصلوں کا ادل بدل کرکے مرجھاؤ کی بیماری سے بچا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹنل میں زیادہ نمی اگیتے جھلساؤ کاباعث بنتی ہے لہٰذا ٹنل کے اندر نمی کو مناسب حد تک رکھاجائے۔ انہوں نے کہاکہ پچھیتے جھلساؤ سے بچنے کے لیے قوت مدافعت کی حامل سبزیاں کاشت کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں کو وائرسی بیماریوں سے بچانے کے لیے متاثرہ پودوں کو کھیت سے اکھاڑ کر دبا دیا جائے اور نرسری پر حملہ اور رس چوسنے والے کیڑوں کا بھی مکمل تدارک کیاجائے

انہوں نے کہا کہ بلاسم اینڈ راٹ کی بیماری کیلشیم کی کمی اور نائٹروجن کھاد کی زیادتی سے پیداہوتی ہے اس لئے کھاد کی مناسب مقدار استعمال کرنے سمیت پنیری لگاتے وقت جڑوں کو زخمی ہونے سے بچایا جائے جبکہ سفید مولڈ کی بیماری سے بچنے کے لیے زمین کو زیادہ نمدار نہ رکھا جائے اور فصلوں کے مناسب ادل بدل سمیت پھپھوند ی کش زہر کااستعمال اس طرح کیاجائے کہ پودے کے ساتھ ساتھ دوائی زمین پر بھی گرے۔