فیصل آباد،کاشتکاروں کو گندم کی کاشت کے لیے منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج کاشت کرنے کی ہدایت

243
گندم کی کاشت

فیصل آباد۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گندم کی کاشت کے لیے سیڈ گریڈڈ اور منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کریں۔

ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کی جانب سے کہا گیا ہے کہ صاف، موٹا،بیماریوں سے پاک، جڑی بوٹیوں کی باقیات و دیگر آلائشوں سے مبرا بیج بہترین فصل کے ساتھ ساتھ فی ایکڑ زیادہ پیداوار کا ضامن ہے اس لئے اگر گھر کا بیج استعمال کرنا ہو تو اسے لازمی طور پر سیڈ گریڈر کے ذریعے گریڈ کروا کر کاشت کریں ۔

حکومت کی جانب سے مقامی زراعت آفیسرز (توسیع) کے دفاتر میں سیڈ گریڈرز کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ گندم کے کاشتکار اس سے فری اور زیادہ سے زیادہ استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے بتایاکہ ماہرین زراعت کے مشوروں کے مطابق گندم کاشت کرنے کے مفید نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں جس سے غذائی خود کفالت سمیت زیادہ خوشحالی بھی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کاشتکاروں کی سہولت کے لیے فری ہیلپ لائن بھی قائم کررکھی ہے لہٰذا کسی بھی قسم کی معلومات، مشاورت، رہنمائی یا مسئلہ کی صورت میں صبح 9تا شام 5بجے تک فون نمبر15000۔0800پر مفت رابطہ کیا جا سکتا ہے۔