فیصل آباد،کسان کارڈکی رجسٹریشن 4 جون سے شروع ہوگی

211
Kisan Card
Kisan Card

فیصل آباد۔ 03 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ کی رجسٹریشن 4 جون ( منگل )سے شروع ہوگی جس کے تحت پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پربینک آف پنجاب اور محکمہ زراعت پنجاب کے باہمی اشتراک سے فی کسان ڈیڑھ لاکھ روپے تک قرضہ فراہم کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے اے پی پی کو بتایا کہ کسانوں و کاشتکاروں کو300ارب روپے کے بلاسود پیداواری قرضے فراہم کئے جائیں گے جس سے انہیں کھاد اوربیج وغیرہ کی خریداری میں آسانی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کسان اور کاشتکار وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈکے حصول کے لئے رجسٹریشن کی غرض سے بذریعہ موبائل فون ایس ایم ایس پی کے سی شناختی کارڈ نمبرلکھ کر8070 پر بھیجیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سے ساڑھے 12ایکڑ اراضی تک کے مالکان سکیم اہل ہیں اوریہ بھی ضروری ہے کہ متعلقہ کا شتکار کی زمین اراضی ریکارڈ سینٹر میں رجسٹرڈ ہوجبکہ کا شتکار کی اپنے شناختی کارڈ نمبر پرموبائل فون سم رجسٹرڈ ہواورکاشتکارکاشناختی کارڈریکارڈ سینٹر میں ویلڈہو۔

انہوں نے کہا کہ کا شتکارکسی مالیا تی ادارے کا نادہندہ نہ ہوجبکہ کاشتکاربلا سود قرضہ6ماہ کے دورانیہ میں واپس کرنے کا پابند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مزید معلومات محکمہ زراعت توسیع کے قریبی دفتر یا محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹwww.dai.agripunjab.gov.pk سے بھی ملاحظہ کی جاسکتی ہیں۔