38.2 C
Islamabad
جمعہ, مئی 16, 2025
ہومزرعی خبریںفیصل آباد،گندم کے کاشتکاروں کو چوڑے ونوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کےخاتمے...

فیصل آباد،گندم کے کاشتکاروں کو چوڑے ونوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کےخاتمے کے لئے کیمیائی زہروں کے استعمال کی ہدایت

- Advertisement -

فیصل آباد ۔ 06 جنوری (اے پی پی):محکمہ زراعت نے گندم کے کاشتکاروں کو چوڑے اور نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کےخاتمے کے لئے محکمانہ مشاورت سے کیمیائی زہروں کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔ نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ چوڑے اور نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیاں گندم کی فصل کے لئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں اور چونکہ بعض مقامات پرچندایک کھیتوں میں جڑی بوٹیاں مشاہدے میں آرہی ہیں لہٰذا کاشتکار گندم کی چوڑے پتوں والی جڑی بوٹیوں میں باتھو، پوہلی، پیازی، جنگلی پالک، جنگلی مٹر، ھالوں، ریواڑی، سینجی، کرنڈ، شاہترہ، کاشنی، مینا، لیہلی، بلی بوٹی، پیازی، لیہہ اونٹ چرا اور درانک وغیرہ جبکہ باریک یا نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں میں دمبی سٹی، جنگلی جئی، جنگلی سوانک اور گھاس وغیرہ شامل ہیں کے خاتمے کے لئے بروقت اقدامات کریں۔

انہوں نے بتایاکہ ان جڑی بوٹیوں کے تدارک کےلئے سپرے کرتے وقت چند احتیاطی تدابیر کو مد نظر رکھناضروری ہے مثلاًسپرے دھوپ میں اس وقت کی جائے جب اوس جزوی طور پر ختم ہو جائے تاہم ابر آلود موسم اور دھند میں زہرپاشی کا عمل موخر کر دیا جائے نیز چوڑے اور نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کے لیے الگ الگ مخصوص زہروں کا سپرے کیا جائے اور کوشش کی جائے کہ کہیں اوور لیپنگ نہ ہو یعنی کوئی جگہ خالی نہ رہے اور نہ ہی کہیں دوہرا سپرے ہو۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ سپرے کے لیے مخصوص ٹی جیٹ نوزل یا فلیٹ فین پیتل کی نوزل استعمال کی جائے۔انہوں نے کہاکہ گندم کی فصل سے چوڑے پتوں والی جڑی بوٹیوں کی تلفی کےلئے بجائی کے 30سے 35 دن بعد جبکہ باریک یا نوکیلے پتوں والی جڑی بوٹیوں کی تلفی کےلئے بجائی کے 45سے 50دن بعد زمین کی تروتر حالت میں مخصوص سفارش کردہ زہروں کا سپرے کیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیوں کے 3سے 5پتوں کے مرحلہ پر زہر سے انسداد آسان ہوتا ہے جبکہ سپرے کے لیے پانی 120لیٹر فی ایکڑ اور خشک وتر میں 150لیٹر فی ایکڑ تک استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ سپرے کے کم از کم دس پندرہ دن تک کھیت کو پانی نہ لگایا جائے اورنہ ہی اس میں گوڈی کی جائے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=542958

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں