فیصل آباد، باغبانوں کو سٹرابری کی منظور شدہ اقسام کی کاشت آئندہ ماہ سے شروع کرنے کی ہدایت

387
Strawberry

فیصل آباد۔ 15 جنوری (اے پی پی):باغبانوں کوسٹرابری کی کاشت آئندہ ماہ سے شروع کرنےکی ہدایت کی ہے ۔ ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل ۱ٓباد کے ماہرین اثمارنے بتایاکہ باغبان اور کاشتکار سٹرابری کی کاشت فروری سے شروع کر کے موسم بہار کے دوران مکمل کرسکتے ہیں جبکہ سٹرابری کی منظور شدہ اقسام میں کلونڈائیک، مشنری، ہاورڈ، بلیک مور وغیرہ شامل ہیں۔ اچھی اقسام کی کاشت بہتر پیداوار کےلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے بتایاکہ سٹرابری کی مختلف اقسام کےلئے مختلف آب و ہو ا درکار ہوتی، ایسی اقسام جن کے پھول آپس میں زرپاشی کاعمل بخوبی سر انجام دے سکیں انہیں ایک بلاک میں لگایا جاسکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ ایسی اقسام جن کی زر پاشی کسی دوسری قسم سے ہوتی ہے اس کےلئے ضروری ہے کہ کھیت میں مختلف اقسام لائنوں میں لگائی جائیں تاکہ ان کی زرپاشی آسانی سے ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ سٹرابری کےلئے معتدل سرد مرطوب آب وہوا کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ سخت سردی اور سخت گرمی دونوں ہی اس کےلئے نقصان دہ ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ سٹرابری کوسال میں دو مرتبہ موسم بہار میں فروری و مارچ اور موسم خزاں میں ستمبر و اکتوبر کے دوران کاشت کیاجاسکتاہے۔انہوں نے بتایاکہ سٹرابری کا پودا میدانی اور پہاڑی علاقوں میں زیادہ کاشت ہو سکتاہے۔انہوں نے بتایاکہ مناسب نکاس آب اور زمین میں نامیاتی مادوں کی حامل اراضی سٹرابری کی کاشت کےلئے مفید ہے۔انہوں نے بتایاکہ سٹرابری کو تیزابی اثر رکھنے والی گہری اور میرازمین میں بھی کاشت کیاجاسکتاہے۔