فیصل آباد 27 ستمبر (اے پی پی):سرخ مرچ کی منظور شدہ اقسام گولا پشاوری اور ٹاٹا پوری کی کاشت کو بہترین پیداوار کا ضامن قرار دیاگیاہے ۔ ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سرخ مرچ کی کاشت کیلئے بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، اوکاڑہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے اضلاع بہترین جبکہ سبز مرچ کیلئے چنیوٹ، گوجرانوالہ، قصور اور شیخوپورہ موزوں علاقے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار بیج کے حصول کیلئے رکھے جانے والے پودوں کو شروع سے نشان لگائیں اور جو پودے آخر تک صحتمند رہیں اور پیداواری لحاظ سے بھی دوسرے پودوں سے بہتر ہوں ان کو آئندہ فصل کے بیج کیلئے استعمال کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ بیج کیلئے پھل کو اچھی طرح سرخ ہونے کے بعد توڑیں اور پھل کو خشک کرنے کے بعد مناسب جگہ پرسٹور کریں۔انہوں نے کہاکہ ایک سے سوا مرلہ نرسری ایک ایکڑ کیلئے کافی ہوتی ہے تاہم پنیری اگانے والی جگہ عام کھیت سے اونچی ہونی چاہیے تاکہ بارش کا فالتو پانی آسانی سے نکالا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکارپنیری کاشت کرنے سے پہلے 20سے 25 کلوگرام گوبر کی گلی سڑی کھاد فی مرلہ ڈال کر ایک پاؤ یوریا کا چھٹہ دے کرزمین میں اچھی طرح کسی سے ملا کر پانی لگائیں اور وتر آنے پر زمین کو اچھی طرح تیار کر کے چھوڑ دیں۔انہوں نے کہاکہ جڑی بوٹیاں اگنے کے بعد دوبارہ گوڈی کرتے ہوئے زمین کو ہموار کر لیاجائے تاکہ اچھی فصل کاحصول ممکن ہوسکے۔