فیصل آباد، مختلف حادثات و واقعات میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے

76

فیصل آباد۔ 23 مئی (اے پی پی):مختلف حادثات و واقعات میں لڑکے سمیت 2افراد جان کی بازی ہار گئے اور 3 افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر لگنے سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق، حالات سے دل برداشتہ نوجوان نے سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی، فائرنگ کے واقعات میں 3افراد زخمی ہوگئے۔ شیخوپورہ روڈ پر واقع ملت چوک میں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر لگنے سے جڑانوالہ کا رہائشی موٹرسائیکل سوار 15سالہ عمر فاروق زندگی کی بازی ہار گیا، حادثے کا مرتکب ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کر دی۔

غلام محمد آباد کے علاقہ ستارہ سپنا سٹی میں گھریلو حالات سے تنگ آ کر حسنین گل ولد ضیاء محمود نے سر میں گولی مار کر خود کو زخمی کر لیا۔مضروب کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔187رب کا رہائشی سلطان ولد افضل پسٹل کی صفائی کرتے ہوئے اچانک گولی چل جانے سے زخمی ہو گیا۔

کینال روڈ پر کشمیر پل سے امین ٹاؤن پر داتا پارک گلی نمبر17 کے رہائشی 17سالہ نوجوان ارقم ولد رانا سہیل نے ہوائی فائر کیا تو فائر مس ہو گیا تو وہ پسٹل کو بیلٹ میں رکھ رہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی جو اس کی ران پر لگنے سے زخمی ہو گیا۔ نشاط آباد کے علاقہ 8ج۔ ب پنج گرائیاں کے رہائشی عرفان ولد اکرام کا مخالفین سے رقم کے لین دین کا جھگڑا چل رہا تھا، گزشتہ روز مخالفین نے گھیر کر گولی مار کر زخمی کر دیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا۔