فیصل آباد۔ 09 مئی (اے پی پی):مذہبی و سیاسی جماعتوں کی جانب افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی ریلی کا انعقاد، مذمتی قرار داد پیش کی گئی،یوم عزم منایا گیا اور شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں جماعت جنفی دیو بند نے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی ریلی نکالی، جماعت اسلامی نے یوم عزم منایا اور پاکستان مسلم لیگ نے بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی۔بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کے خلاف قراداد مذمت پیش کی گئی ۔
مقررین نے اس موقع پر کہا کہ بھارت کا مساجد پر حملے کرنا بزدلی کی علامت ہے، کوئی مذہب بھی عبادت گاہ پر حملے کی اجازت نہیں دیتا۔ بھارت نے مساجد پر حملہ کرکے بزدلی کا ثبوت دیا ہے ۔حملہ کے جواب میں افواج پاکستان نے دندان شکن جواب دیکر بھارت کے عزائم کو خاک میں ملادیا۔
افواج پاکستان نے دنیا کو یہ بتا دیا ہے کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو ایسی ہی عبرت ناک شکست سے دوچار ہونا پڑے گا۔ شرکاء نے بھارتی جارحیت کے خلاف بھرپور جواب دینے پر پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔بھارت نے رات کی تاریکی میں شہریوں کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کو پامال کیا ہے۔بھارتی بزدلانہ حرکت نے جنوبی ایشیا کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ بھارت نے رات کی تاریکی میں شب خون مار کر اپنے پانچ لڑاکا طیارے ملبے کا ڈھیر بنوا کر خود اپنی شکست کا اعتراف کر لیا ہے حملہ میں شہید ہونے والوں نماز جنازہ ادا کی گئی۔ شہداء کیلئے فاتح خوانی کی گئی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595084