فیصل آباد ۔ 06 جون (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ ماحولیات فیصل آباد جوہر عباس رندھاوانے بتایا کہ حکومتی ہدایات کی روشنی میں 75 مائیکرون سے کم موٹائی اور12×16انچ سے کم سائز کے پلاسٹک بیگ،پلاسٹک سٹکس والی ایئر بڈز، غباروں والی پلاسٹک سٹکس پرپابندی کے احکامات پرگزشتہ روز سے عملدرآمد شروع ہوگیاہے لہٰذاکاروباری افراد انتظامیہ کا ساتھ دیں، پلاسٹک سے چھٹکارا پائیں اورماحول کومحفوظ بنائیں۔اے پی پی سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ٹیمیں بھی فیلڈ میں سرگرم اور خلاف ورزی پر ایکشن لے رہی ہیں
اسلئے شہری بھی پابندی کی حامل اشیا کا استعمال ترک کردیں،بازار،دکان سے خریداری کرتے وقت کپڑے کے تیار کردہ بیگ،تھیلے یا بائیو ڈی گریڈایبل بیگز استعمال کریں کیونکہ ماحول کا تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام تاجر تنظیموں نے مکمل تعاون اور پابندی پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پلاسٹک کے جھنڈے،پلاسٹک کینڈی سٹکس،پلاسٹک آئس کریم سٹکس،پولی سٹائرین ڈسپوزیبل کپ، گلاس،پلیٹس،فوڈ باکسز،مٹھائی کے ڈبوں پر پلاسٹک ریپنگ،پلاسٹک کارڈز،پلاسٹک سگریٹ پیکٹ،80 مائیکرون سے کم پلاسٹک یا پی وی سی بینرز اور40 مائیکرون سے کم ملٹی لیئر پیکنگ(کھانے و ادویات کیلئے استثنیٰ)پربھی پابندی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کے شاپنگ بیگز سمیت پلاسٹک کی ایک بار استعمال ہونے والی اشیاپر پابندی پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ماحول کو آلودہ ہونے سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ کا عمل بھی آج سے ہی شروع ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ75 مائیکرون سے کم شاپر بیگ تلف نہیں ہوتے جو ماحول کو آلودہ کرنے کا باعث بنتے ہیں اسلئے شہری کپڑے کے بیگ کے استعمال کو ترجیح دیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سب مل کر مشترکہ اقدامات سے ماحول کو تروتازہ بنائیں گے۔