فیصل آباد، یوم عاشورہ کے موقع پرجگہ جگہ لنگر و نیاز کااہتمام

42

فیصل آباد ۔ 06 جولائی (اے پی پی):فیصل آبادمیں یوم عاشورہ کے موقع پرجگہ جگہ لنگر و نیاز کا اہتمام کیا گیا۔ محرم الحرام کا مقدس عشرہ جہاں اور بہت ساری روایات کا امین ہے وہیں عشرہ محرم میں با لعموم جبکہ یوم عاشورہ پر با لخصوص نذر و نیاز کا بھی خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی بطور لنگر بہت ساری چیزیں بانٹنے کا رواج ہے۔ حق و باطل کیلئے مرنے جینے کا عملی مظاہرہ، واقعہ کربلا، نواسہ رسولؐ اور شہدائے کربلا کی یاد میں یوم عاشور کے موقع پر شہر بھر میں لنگر اور نذر ونیاز کے ساتھ ساتھ دودھ اور پانی کی سبیلیں لگائی گئیں۔

تعزیہ، ذوالجناح اور علم کے جلوسوں کے راستوں میں شہر یوں نے بڑی تعداد میں لنگر کے ساتھ ساتھ پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائیں۔ شہر کے مختلف مقامات اور جلوس کے روٹس پر کھانے پینے کی اشیا خصوصاً چاول، حلیم نان وغیرہ کی تقسیم کا سلسلہ جاری رہا۔ چھوٹے بچے بھی پر جوش انداز میں دودھ کی سبیل پر پانی اور گلی محلوں میں کھانے پینے کی اشیا تقسیم کرتے رہے۔

یوم عاشورہ کے موقع پر بڑی تعداد میں لنگر نیاز تیا ر کئے جانے کی وجہ سے پکوائیوں کی کمی بھی محسوس کی گئی جس کا فائدہ پکوانوں نے خوب اٹھایااور وہ منہ مانگے دام وصول کرتے رہے۔ پکوان میسر نہ ہو نے کی وجہ سے کئی شہریوں نے اپنے گھر وں میں خود نیاز تیار کر کے تقسیم کی۔ علاوہ ازیں جگہ جگہ جوس کے پیکٹ اور منرل واٹرکی بوتلیں بھی تقسیم کی جاتی رہیں۔اس موقع پر تمام مسالک کی جانب سے اخوت و یگانگت اور بھائی چارے کا بے مثال مظاہرہ بھی دیکھنے میں آتا رہا۔