فیصل آباد 01 اکتوبر (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے فرسٹ ایئر/گیارہویں جماعت(انٹرمیڈیٹ پارٹ ون)کے پہلے سالانہ امتحان 2024 کے نتائج کا اعلان کردیا جس میں کل 98834 طلباوطالبات نے شرکت کی اور ان میں سے63806 طلبا و طالبات پاس ہوئے ، کامیابی کا تناسب64.56 فیصد رہا۔ نتائج کی سادہ و پروقار تقریب کمشنر و چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد سلوت سعید کی زیرصدارت منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری فیصل آباد بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمٰن،کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی،پی آر او بورڈ رضوان احمد جوئیہ،پی ایس ٹوچیئرپرسن احسان احمد،آفتاب احمد اور ساجد حسین نقوی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔
منگل کی صبح 10بجے چیئرپرسن بورڈ نے لیپ ٹاپ پر بٹن دبا کررزلٹ آن لائن کیا جس کیساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائیٹ bisefsd.edu.pk www.پر بھی اپ لوڈ ہو گیا۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ (گیارہویں جماعت)پہلے سالانہ امتحان2024کے شفاف انعقاد کےلئے فیصل آباد، جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے اضلاع کے طلبا وطالبات کےلئے الگ الگ 364امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے تاکہ انہیں دور دراز علاقوں کے سنٹروں میں نہ جانا پڑے بلکہ ان کے اداروں کے قریب ہی واقع امتحانی مراکز میں انہیں یہ سہولت میسر رہے۔سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمٰن نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق طلباء وطالبات کو سہولیات ان کے گھر کی دہلیز پرپہنچانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرپرسن بورڈ سلوت سعید کی خصوصی دلچسپی سے الحمد اللہ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی ون ونڈو اپ گریڈ ہو گئی ہے جس کی وجہ سے طلبا و طالبات کو ایڈمیشن فارم جمع کروانے سے لے کر مائیگریشن،این او سی، اسناد کی وصولی اور ویری فکیشنز وغیرہ سمیت تمام تر سہولیات ایک ہی کھڑکی پر میسر ہیں جہاں نہ صرف ان کا کام منٹوں میں مکمل ہو رہا ہے بلکہ اب ان کے قیمتی وقت کا ضیاع بھی نہیں ہوتا اور یوں انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
اس موقع پر کمشنر و چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد سلوت سعیدنے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بچوں کے بہترین مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے پی بی سی سی کے وضع کردہ سخت ایس او پیز کے مطابق سنڈیکیٹ مارکنگ کے تحت نتائج انتہائی احتیاط، محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ مکمل کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی بچے کے ساتھ کوئی ظلم و زیادتی نہ ہواور اسے اس کی محنت کا بھرپور ثمر ملے کیونکہ یہی بچے پاکستان کا شاندار مستقبل ہیں جو انشا اللہ تعالیٰ کل کو وطن عزیز کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ انتظامیہ کو یقین ہے کہ نتائج الحمداللہ شفاف اورہر قسم کی غلطیوں سے مبرا ہیں تاہم طلباوطالبات کو ری چیکنگ کی سہولت بھی حاصل ہے لہٰذا ایسے بچے جو اپنے حاصل کردہ نمبروں سے متعلق غیریقینی صورتحال کا شکار ہوں وہ رزلٹ آنے کے بعد 15 دن کے اندر ری چیکنگ کی درخواست دے کر اپنی جوابی کاپی خود چیک کرکے تسلی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے طلبا وطالبات جن کی جوابی کاپیوں میں کوئی غلطی پائی گئی تونہ صرف ان کا تصحیح شدہ رزلٹ فوری جاری کیا جائے گا بلکہ انہیں ری چیکنگ کی ادا کردہ فیس بھی واپس کر دی جائے گی۔اس سلسلے میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے دفتری فون نمبرز0412517710 یا 0419330366پر رابطہ کر سکتا ہے۔