فیصل آباد۔ 05 جون (اے پی پی):ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے کہا ہے کہ فیصل آبادڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں اب تک ایک لاکھ 4 ہزار 263 ایکڑرقبہ پر کپاس کی کاشت مکمل کر لی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ باقی ماندہ رقبے پر آئندہ چند روز میں کپاس کی منظور شدہ اقسام کی کاشت مکمل کرلی جا ئے گی بلکہ مقررہ ہدف سے زیادہ رقبہ پر کپاس کی کاشت یقینی بنائی جا ئے گی تاکہ کاشتکار کو بہترین مالی فائدہ حاصل ہونے سمیت ملکی کپاس و سوتی دھاگے کی ضرورت کو پورا کرنے میں مدد مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو کھاد کی دستیابی میں کوئی رکاوٹ نہیں جبکہ کھاد کی اوورچارجنگ بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کھاد کی دستیابی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اورکھاد کی بلیک مارکیٹنگ وذخیرہ اندوزی اور اوورچارجنگ پر بھاری جرمانے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کسانوں کا استحصال کسی صورت قبول نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں ایک لاکھ 15 ہزار 800 ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور کپاس کی کاشت کا 100 فیصد ہدف ہر صورت مکمل کیا جا ئے گا۔انہوں نے بتایاکہ رواں سیزن میں کھادکے ڈیلرز کو2 لاکھ 62 ہزار روپے جرمانہ،48 مقدمات درج، 24 گرانفروش وذخیرہ اندوز گرفتار اور 1557 بیگز ضبط کئے جاچکے ہیں۔