فیصل آباد ،الیکشن کمیشن کی ووٹرز کی آگاہی کے لئے ضروری ہدایات جاری

130
Election Commission
Election Commission

فیصل آباد ۔ 07 فروری (اے پی پی):الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے سلسلے میں ووٹرزکی آگاہی کے لئے ضروری ہدایات جاری کر دیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ووٹ ڈالنے کے لیے اصلی شناختی کارڈ کا ساتھ ہونا لازم ہے جبکہ شناختی کارڈ کی کاپی یا سافٹ کاپی قابل قبول نہیں ہوگی تاہم زائد المیعاد شناختی کارڈ پر ووٹ ڈالا جا سکتا ہے نیزپاسپورٹ، ب فارم یا ڈرائیونگ لائسنس بھی قابل قبول نہیں ہوگااور پولنگ سٹیشن میں داخلے کے بعد ووٹر کو اپنا اصل شناختی کارڈ پریزاڈنگ افسر کو دینالازمی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ پولنگ افسر کے حوالے کرنے کے بعد ووٹر کے دائیں انگوٹھے پر نشان لگایا جائے گا، پریذائیڈنگ افسر ووٹر کی تصویر کے سامنے انگوٹھے کا نشان لگوائے گا اور ووٹر کا نام ووٹر فہرست سے کاٹ دے گا،اگلے مرحلے میں اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کی طرف سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے لیے بیلٹ پیپرز دئیے جائیں گے اور قومی اسمبلی کے لئے سبز و صوبائی اسمبلی کے لیے سفید بیلٹ پیپر دیا جائے گا۔اس کے بعد ووٹرز ووٹنگ سکرین کے پیچھے قومی و صوبائی اسمبلی کے بیلٹ پیپرز پر امیدوار کے نام یا انتخابی نشان پر مہر لگائیں گے جبکہ آخری مرحلہ میں ووٹر کو بیلٹ پیپر فولڈ کرکے بیلٹ بکس میں ڈالنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بیلٹ پیپر تہہ کرنے سے قبل یہ بات یقینی بنانا ضروری ہے کہ مہر کی سیاہی سوکھ چکی ہوتاکہ ووٹ خراب نہ ہوسکے۔