فیصل آباد ،خربوزے اور تربوزکی ٹنل کاشت شروع،کاشتکاروں کو وائرسی امراض سے بچاؤ کے لئے حفاظتی و تدارکی اقدامات کی ہدایت

150

فیصل آباد ۔ 21 نومبر (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن فیصل آباد اسرار ارشد نے کہا ہے کہ خربوزے اور تربوز کی ٹنل کاشت شروع ہو گئی ہے اس لئے کاشتکار پودوں کو اکھیڑا، پچھیتا جھلساؤ،روئیں دار پھپھوندی، کوڑھ اور وائرسی امراض کے حملہ کے خدشہ کے پیش نظر حفاظتی و تدارکی اقدامات کریں۔انہوں نے بتایا کہ اکھیڑا کی بیماری بیل والی فصل کے ننھے پودوں پر زیادہ ہوتی ہے جس کے حملہ سے اگے ہوئے پودے مرجھا جاتے ہیں اور بڑے پودوں کے تنے کا نچلا حصہ گلا ہوا نظر آتا ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اس بیماری کے تدارک کے لئے فصلوں کے ہیر پھیر کے ساتھ بیج کو پھپھوکش زہر تھائیوفینیٹ میتھائل یا کاربینڈا زیم لگا کر کاشت کریں۔

انہوں نے کہاکہ بیل والی فصل کے پتوں پرروئیں دار پھپھوندی کے حملہ سے زرد رنگ کے دھبے ظاہر ہوتے ہیں اور یہ دھبے پودوں کے تنوں تک پھیل جاتے ہیں نیزمرطوب موسم میں اس بیماری کے شدید حملہ کی وجہ سے پودے سوکھ جاتے ہیں لہٰذا 8سے 26ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت اور ہوا میں 70فیصد سے زائد نمی ہونے کی وجہ سے اس بیماری کے حملہ کا امکان بڑھ جاتا ہے لہذا کاشتکار اس بیماری کے تدارک کے لئے بیماری سے متاثرہ پودوں کو کھیت سے نکال کر جلا دیں اور حفاظتی زہروں مینکوزیب، کاپرہائیڈروآکسائیڈ بحساب 2 سے اڑھائی گرام دوائی فی لیٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں اور 7سے 10دن کے اندر اثر پذیر ادویات کیبر یوٹاپ، سکوریا پریکیور مبی کا سپرے کریں۔

انہوں نے کہاکہ بیل والی فصل پرکوڑھ کی بیماری کے حملہ کی صورت میں پتوں اور تنوں پر زرد رنگ کے لمبے دھبے نمودار ہوتے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ پھیل جاتے ہیں اور پھل پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں جس سے پودوں کے ساتھ پھل بھی گلنا شروع ہوجاتاہے اس لئے مذکورہ بیماری کے تدارک کے لئے کاربینڈازیم یا ٹاپسن ایم بحساب 2گرام فی لیٹر پانی ملا کر سپرے کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ سبز تیلہ، کالا تیلہ، سفید مکھی اور لیف ہاپر بیل والی فصل پر وائرسی امراض کے پھیلاؤ کا باعث بنتے ہیں لہٰذاان وائرسی بیماریوں کے حملہ میں پتوں کی شکل کا بگڑنا، سبز مادے کا ختم ہوجانا اور پودوں کا قد چھوٹا رہ جانا زیادہ اہم ہیں ،اس لئے کاشتکار وائرسی امراض کے انسداد کے لئے صحت مند اور بیماریوں سے پاک بیج استعمال کریں اور مذکورہ نقصان رساں کیڑوں کے بروقت تدارک کے لئے محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کے مقامی عملہ کے مشورے سے زہروں کا سپرے کیا جا ئے۔