فیصل آباد ۔ 07 جولائی (اے پی پی):محرم الحرام کے دوران ضلعی امن و امان، سکیورٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے سلسلے میں سول ڈیفنس فیصل آباد نے شاندار اور مثالی کردار ادا کیا۔ سول ڈیفنس آفیسر رانا عباس کی قیادت میں رضاکاروں کی ٹیم نے عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر فعال موجودگی یقینی بنائی۔ضلعی سطح پر ترتیب دیے گئے خصوصی ڈیوٹی پلان کے تحت سول ڈیفنس اہلکاروں کو شہر کے حساس مقامات، داخلی و خارجی راستوں، جلوس گزرگاہوں اور مرکزی مجالس کے مقامات پر تعینات کیا گیا۔ رضاکاروں نے عوام کی رہنمائی، نظم و ضبط قائم رکھنے، ابتدائی طبی امداد کی فراہمی اور ایمرجنسی صورت حال میں فوری ردعمل کی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔
سول ڈیفنس نے ریسکیو 1122، محکمہ صحت، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط کوآرڈینیشن کے تحت کام کیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ خاص طور پر خواتین، بزرگوں اور بچوں کو موقع پر رہنمائی اور فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر نے سول ڈیفنس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جذبہ خدمت، فرض شناسی اور چاق و چوبند رویے کے ساتھ انجام دی جانے والی ان ذمہ داریوں نے عاشورہ محرم کے دوران عوام کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے۔ سول ڈیفنس آفیسر رانا عباس نے اس موقع پر کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان
اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ان کی ٹیم ہر وقت الرٹ رہی اور آئندہ بھی اپنی خدمات اسی جذبے سے سرانجام دیتی رہے گی۔سول ڈیفنس کا یہ مثالی کردار نہ صرف انتظامیہ کی کامیاب حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے بلکہ رضاکارانہ اداروں کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے جو ہنگامی حالات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔