فیصل آباد ۔ 28 جون (اے پی پی):ایڈیشنل سیشن جج سجیدہ اختر نے تھانہ مدینہ ٹاؤن کے منشیات کے مقدمہ میں ملوث ایک ملز م کو18سال قید اور دو لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔ استغاثہ کے مطابق، پولیس نے بابا جانی گودام چوک 208ر ب کے نزدیک ایک مشکوک ہنڈا 125موٹرسائیکل سوار کو روکا تو دوران تلاشی اس کے قبضہ سے پلاسٹک کے لفافوں میں پیک 2کلو280گرام چرس اور ایک کلو500گرام بھکی برآمد ہوئی۔ پولیس نے موٹر سائیکل سوار ملزم شیخ بلال ناصر سکنہ 131۔سی پیپلز کالونی نمبر 1 کے خلاف مقدمہ درج کر کے چالان عدالت میں پیش کردیا۔
آج اس کیس کا فیصلہ سنائے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج سجیدہ اختر نے ملزم بلال ناصر کوانسداد منشیات ایکٹ کی دفعہ 9-(1).3.e کے تحت 9سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔ اسی طرح عدالت نے ملزم کو انسداد منشیات ایکٹ کی دفعہ 9-(1).2.bکے تحت بھی 9سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔ تاہم ملزم کی دونوں سزاؤں پر اکٹھا عمل کیا جائے گا۔